لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں اور ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت اسنیپ چیکنگ کرتے ہوئے اشتہاری، روپوش ومطلوب 5 ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات سمیت چوری شدہ ادویات برآمد کرلیں۔ سول لائنز پولیس نے ضلع شکارپور اور ضلع لاڑکانہ کے تھانوں پر اغوا اور جھگڑوں کے مقدمات میں اشتہاری ملزمان ابراہیم جیہو، معشوق جیہو اور بشیر کٹو کو، ایئرپورٹ پولیس نے سنگین نوعیت کے دو سے زائد مقدمات میں روپوش ملزم منٹھار عرف غمٹھار جونیجو کو اور رتوڈیرو پولیس نے شکارپور روڈ سے منشات فروش ایاز بپڑ کو منشیات سمیت گرفتار،دوسری جانب تھانہ نوڈیرو پولیس نے چوری شدہ ادویات برآمد کرکے اسٹور مالک غلام علی بھٹو کے حوالے کردی گئیں، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔