عمران خان خود فیصلہ کریں استعفا دینگے یاذلت لینگے،شازیہ مری

96

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہاہے کہ عمران خان جانتے ہیں استعفا اور ذلت چار قدم پر ہے، عمران خان خود فیصلہ کریں ذلت یا پھر استعفا دینا ہے۔ بدھ کو جاری اپنے ایک بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان تنگ گلی میں ہیں، آگے کنواں پیچھے کھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھائی برس کا ہر معاشی ڈاکا عمران خان کی ذات سے منسوب ہے، جلد شوگر مافیا بھی رنگ بدلے گی اور 40 چوروں کے نام کھل کر سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بکرے کی ماں اور سلائی مشین دونوں کا احتساب ہوگا، میٹرو پشاور پر کرپشن کرنے والے اے ٹی ایم پر نیب کب لب کشائی کرے گا۔ شازیہ مری نے کہا کہ پی ٹی آئی دور کی کرپشن اور نیب کی خاموشی معنی خیز ہے، مالم جبہ اسکینڈل ہو یا ہیلی کاپٹر کیس نیب کے کان پر جوں نہیں رینگی۔ انہوں نے کہاکہ وقت آگیا عمران اور ان کے حواریوں کا احتساب عوام خود کریں۔