لاہور (نمائندہ جسارت) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ محمود اچکزئی ملک میں انتشار اور خانہ جنگی پھیلانے کے مشن پر کام کر رہے ہیں ، لوگوں کو گودام لوٹنے کا مشورہ دینے والے محمود اچکزئی کے ساتھی قومی خزانہ لوٹنے میں پہلے
ہی بڑے ماہر ہیں، پی ڈی ایم ملک کے وقار کو داؤ پر لگانے پر تلی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ملک کے مذہبی طبقے کواپنے لچھے دار بیانات سے گمراہ نہیں کر سکتے، اگر ملک میں آئین نہیں تو مریم سینیٹ کا الیکشن کیوں لڑ رہی ہیں،ملک میں جمہوریت نہ ہوتی تو پی ڈی ایم ریڈ زون میں جلسہ کرکے دکھاتی۔ مریم نواز اور فضل الرحمان کی تقاریر پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ جب مریم نواز کے ابا جی الیکشن جیتتے تھے تو یہی الیکشن کمیشن راجکماری کو اچھا لگتا تھا، ووٹ کو عزت دینے کا مطالبہ کرنے والے ووٹ کے بجائے جتھوں کے ذریعے حکومت تبدیل کرنا چاہتے ہیں، ۔ اپنے بیان اور قبل ازیں ڈی جی پی آر میںپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نے مودی اور اجیت دوول کی فراہم کردہ الزامات کی رپورٹ جلسے میں دہرائی۔پاناما کا والیم 10 ن لیگ کے اسرائیل اور بھارت سے تعلقات کے تمام رازوں سے بھرا پڑا ہے۔ بھارت اور اسرائیل کی گود میں بیٹھے اپوزیشن رہنماؤں کی معصومیت پر ہنسی آتی ہے۔ مریم کے ہزارہ اور اسرائیل کے ذکر پر مولانا نے انہیں گھور کر دیکھا کیوںکہ مریم بھول گئیں کہ ہزارہ برادری کے افراد کے قاتلوں کے حمایتی ان کے پہلو میں کھڑے تھے۔ مولانا بتائیں ان کا نمائندہ بیک ڈور ڈپلومیسی کیلیے اسرائیل کیوں گیا؟۔