پارک لین کیس، آصف زرداری کی ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد

384

اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پارک لین کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی احتساب عدالت میں ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد کردی۔منگل کو اسلام آبادہائیکورٹ میں سابق صدرآصف علی زرداری کی پارک لین کیس میں نیب کے دائرہ اختیار کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ ہائیکورٹ نے احتساب عدالت میں ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد کردی۔وکیل فاروق نائیک نے استدعا کی کہ یہاں دائرہ اختیار چیلنج ہے، عدالت عظمیٰ میں مقدمات سندھ منتقل کرنے کی درخواستیں زیر التوا ہیں، درخواستوں پر فیصلے تک نیب کو احتساب عدالت میں شواہد ریکارڈ کرانے سے روکا جائے۔جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ شواہد ریکارڈ ہونے دیں نیب نے کون سا 30دن میں فیصلہ ہی کروا لینا ہے، المیہ ہی یہ ہے نیب مقدمات پر وقت پر فیصلہ ہی نہیں ہو پاتا۔نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا کہ ہم نے ایک کیس میں 10گواہان کے بیانات کراد یے لیکن یہ وکیل جرح ہی نہیں کر رہے، دائرہ اختیار سے متعلق بلال شیخ کی درخواست بھی آصف زرداری کے ساتھ مقرر کی جائے۔عدالت نے درخواستیں ایک ساتھ مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 11 فروری تک ملتوی کردی۔