فضل الرحمن فتویٰ دیں کہ لوگ بھوک میں سرکاری گودام لوٹ لیں، محمود اچکزئی

231

اسلام آباد (آن لائن،مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاجی جلسے میں محمود خان اچکزئی نے بھوک میں سرکاری گوداموں کو لوٹنے کا فتویٰ جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔ اپنے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان سے مطالبہ کیا کہ فضل الرحمان فتویٰ دیں کہ بھوک میں سرکاری گوداموں کو لوٹ لیا جائے۔پختونخوا میپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے انقلاب زندہ باد کا نعرہ لگواتے ہوئے کہا کہ ہمارے سویلین اور عسکری ادارے ناکام ہوچکے ہیں ،ہمارے چار سو بچوں کو شہید کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبوں میں پانچ ہزار لوگوں کو شہید کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کیا حلف لینا رسم ہے یا اس کے معانی بھی ہیں ، سپریم کورٹ اس کی وضاحت کرے ۔انہوں نے کہا کہ غریب افراد کو اتنا تنگ نہ کیا جائے کہ وہ دکانوں اور سرکاری ذخائر کو لوٹ لیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں مولانا اور مفتیان کرام سے مطالبہ کرتا ہوں بھوک زیادہ ہوجائے تو فتویٰ دیں کہ سرکاری اناج کے گودام لوٹ لیں۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے کہا کہ جس آئین کی بنیاد پر یہ ملک کھڑا ہے یہ عوام اسی آئین کی بالادستی چاہتی ہے ،افسوس اس ملک کے حکمرانوں ، اسٹیبلشمنٹ نے اپنے جوتوں اور بوٹوں تلے اسی آئین کو روندا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس کیس میں کسی چھوٹے صوبے کی جماعت ہوتی تو کب کا اس کی قیادت کو لٹکا دیا جاتا ۔انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کے الزام پر ہی عوامی نیشنل پارٹی پر پابندی لگا کر ان قائدین کو صوبوں تک محدود کردیا ۔انہوں نے کہا کہ جب تک مساوی حقوق فراہم نہیں کیے جاتے اس وقت تک یہ گاڑی آگے نہیں چلے گی ۔ اختر مینگل نے جعلی آپریشنز کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ۔