اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید کاکہنا ہے کہ اقتدار کا کھیل مولانا فضل الرحمن کے نصیب میں ہی نہیں،جب دینی طلباء نے گن اٹھائی تو مولانا فضل الرحمان اور اکرم درانی مشرف کے ساتھ تھے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے پی ڈی ایم کے جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کل کے بجائے آج ہی لانگ مارچ کرے، پی ڈی ایم جلسے کے باوجود میٹرو بند نہیں ہوئی،جلسے سے زیادہ تواسلام آبادکے مدرسے میں بچے ہوتے ہیں ،پی ڈی ایم کو فر ی ہینڈ دیا تو ناکام ہوگئی۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف غیر پارلیمانی زبان استعما ل کی گئی،میں نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم والے استعفے نہیں دیں گے ، ضمنی اور سینیٹ انتخابات میں بھی حصہ لیں گے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ آج کی ریلی میں گاڑیاں اور صحافتی ڈی ایس این جیز زیادہ تھیں ، کارکن نہیں آئے،قوم نے آج ان کے ساتھ جو کچھ کیا یہ سب اسی قابل ہیں، اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا ہوا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز براڈشیٹ پڑھیں کیس بہت خراب ہے، یہ احتجاج کر رہے ہیں اور بلاول عمر کوٹ میں جشن منا رہا ہے ،جس اسمبلی پر پی ڈی ایم لعنت بھیج رہی ہے، اس اسمبلی کی نشست کی جیت پر بلاول چارٹرڈ طیارے پر گئے۔