ٹھٹھہ ،ناجائز ٹول ٹیکس وصولی کیخلاف ٹرک ڈرائیوروں کا دھرنا

293

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) رات گئے چھتو چند کے قریب واقع ناجائز ٹول ٹیکس وصول کرنے والوں کی ٹرک ڈرائیوروں سے غنڈہ گردی، ڈبل ٹیکس کی وصولی، ٹرک ڈرائیوروں کا احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا، ٹریفک کی آمدورفت معطل۔ چھٹو چند پر غیر قانونی طور پر قائم ٹول ٹیکس والوں نے بیوی گاڑیوں اور ٹرک والوں سے ڈبل ٹیکس وصول کرنا شروع کردیا، جس پر ڈرائیور نے ٹول ٹیکس والوں سے ڈبل ٹیکس وصول کرنے کی وجہ پوچھی تو ٹول ٹیکس ناکے کے مسلح عملے نے ہیوی گاڑیوں اور ٹرک والوں سے جھگڑا کرنا شروع کردیا جس کیخلاف ٹرک اور ہیوی گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے قومی شاہراہ بلاک کرکے مظاہرہ کیا، جس کی وجہ سے ٹھٹھہ سے حیدر آباد آنے جانے والی شاہراہ بند ہوگئی، جس کی وجہ سے مسافروں کو سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ سڑک دو گھنٹوں تک بند رہی، جس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر ٹھٹھہ نے ڈرائیوروں اور ٹول ٹیکس عملے سے بات چیت کی، جس کے بعد احتجاج ختم کرکے سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ واضح رہے کہ چھتو چند پر قائم ٹول ٹیکس ناکہ غیر قانونی طور پر قائم کیا گیا جوکہ کسی بااثر شخصیت کی ملکیت بتایا جاتا ہے، ٹول ٹیکس عملہ اکثر آنے جانے والی فیملیز سے بدتمیزی بھی کرتا رہتا ہے۔