سکھر(نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ایک کروڑ گھروں کی فراہمی بھی سازش ہے۔، اپنا کالا دھن صاف کرنے کا طریقہ ہے جس میں حکومت گھر کی ملکیت بھی ساتھ رکھے گی،سکھر میں مزدور سٹی پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میںانہوں نے کہا کہ اسٹیل ملز کے10 ہزار مزدروں سمیت پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کے مزدوروں کو نکالا جارہا ہے لیکن پیپلز پارٹی حکومتی اقدام کے سامنے دیوار بن کر کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مزدور بہن بھائیوں کے لیے پارلیمنٹ، عدالت اور کسی بھی فارم پر بات کرنے کے لیے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مزدور سٹی میں مزدروں کے لیے گھر، تعلیمی ادارے، ہسپتال اور وکیشنل ٹریننگ سینٹر بھی قائم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انتخابی مہم کے دوران ایک کروڑ گھر بنانے کا وعدہ کیا، ہمیں لگا کہ وہ پیپلز پارٹی کے منشور سے ایک نقطہ چوری کر رہے ہیں‘ معلوم چلا کہ یہ گھربنانے کا وعدہ ایک سازش ہے، اپنا کالا دھن صاف کرنے کا طریقہ ہے جس میں حکومت گھر کی ملکیت بھی ساتھ رکھے گی۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ارب پتی لوگوں کے لیے گھر بنانا چاہتے ہیں کیونکہ تجاوزات کے نام پر غریبوں کے گھر تباہ کررہے ہیں۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ہمارا بے نظیر مزدور کارڈ کا منصوبہ انقلابی پروگرام ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مزدور خود اپنے آپ کو رجسٹرڈ کرائے ناکہ نجی صنعتی ادارے، ہم سندھ کے سارے مزدوروں کو صنعتی فوائد فراہم کریں گے۔