نئے گھروں کی تعمیر کیلیے ڈیرہ اسماعیل خان میں اراضی کا انتخاب ہوچکا‘ علی امین

270

ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان سردار علی امین خان گنڈہ پور نے کہا کہ نئے گھروں کی تعمیر کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی اراضی کا انتخاب کیا جاچکا ہے، اس رہائشی منصوبے میں ڈیرہ پریس کلب سمیت تمام صحافیوں کو رہائش کے لیے مکانات دیے جائیں گے۔قبل ازیں وفاقی وزیر نے ڈیرہ پریس کلب میں1کروڑ13لاکھ روپے مالیت کے تزئین و آرائش اور بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈیرہ پریس کلب کی کابینہ سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت بہرصورت دے گی، ڈیرہ اسماعیل خان کی ترقی میں کردارادا کر رہا ہوں، میں عوام کا نمائندہ ہوں، مسائل کے حل کے لیے مجھے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ایک شخص اس منصوبے پر عدالت سے حکم امتناع لیا ہوا ہے جو ڈیرہ اسماعیل خان کی ترقی کادشمن ہے اور یہ شخص مجھے بلیک میل بھی کرنا چاہتا ہے۔ گیس کا کوٹہ ہم نے بڑھا دیا ہے، ہر گھر میں مکمل پریشر سے گیس ملے گی، واسا کو اپ گریڈ کردیا ہے، صفائی کے لیے نئی مشینری لارہے ہیں۔ انڈر گرائونڈ سیوریج لائن میں لوگ گند نہ ڈالیں ورنہ یہ بند ہوجائے گی۔ تعلیمی اداروں اور مراکز صحت کو اپ گریڈ کر رہے ہیں، عوام کی سپورٹ کے بغیر کوئی بھی نمائندہ یا ادارہ کام نہیں کرسکتا۔،ہمیں عوام کے مسائل کا ادراک ہے، جوکہ جلد حؒ ہوجائیں گے۔