لاڑکانہ، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کارانی ہینڈز کے حوالے

336

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں سماجی تنظیم ہینڈز کی جانب سے تحصیل ڈوکری میں واقعہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کارانی کو اپنی نگرانی میں چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس حوالے سے اسکول کی عمارت ہینڈز کے حوالے کرنے کے متعلق تقریب منعقد کی گئی جس مین پی پی رہنما محمد علی بگھیو، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لاڑکانہ اختر حسین کوریجو، ہینڈز کے نمائندوں ڈاکٹر محمد اسلم، اطہر علی چنا، محبوب علی نائچ، شمع شیخ، قلندر بہرانی، عبدالرزاق سومرو، ریاض حسین تونیو، مظہر علی شیخ، علی ڈنو ہلیو سمیت اساتذہ و علاقے کے معززین نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ اور یو ایس ایڈ کے مشترکہ تعاون سے پبلک پارٹنر شپ کے تحت 106 اسکول تعمیر کروائے جاچکے ہیں، جن میں سے لاڑکانہ ضلع کے 9 اسکولوں کو معاہدے کے تحت ہینڈز کے حوالے کیا جائے گا اب تک 5 اسکول حوالے کیے گئے ہیں جبکہ دیگر 4 اسکول بھی تمام جلد ہینڈز کے حوالے کیے جائیں گے، ان کا مزید کہنا تھا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تمام اسکولوں میں تعلیمی معیار کو بہتر سے بہتر بنانے اور طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیم دلوایا جائے گا تاکہ مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔