عمران خان بلاول ہاؤس سے سیاست سیکھیں،بھٹو کے نقش قدم پر چلیں،مخدوم جمیل الزماں

207

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سروری جماعت کے روحانی پیشوا ایم این اے مخدوم جمیل الزماں نے گاؤں بھلیڈنو کاکا پہنچ کر مرحوم حاجی مصری کاکا مائل سروری کے بڑے فرزند ڈاکٹر راجا سہیل احمد کاکا کی دستار بندی کی اور ان کے بیٹوں راجا سہیل احمد کاکا اور طفیل احمد کاکا سمیت دیگر لواحقین سے تعزیت کی۔ اس موقع پر لواحقین سے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مخدوم جمیل الزمان نے کہا کہ حاجی مصری کاکا کا مخدوم طالب المولیٰ اور مخدوم امین فہیم سے قریبی تعلق ہے ان کی سیاسی ، سماجی و ادبی خدمات قابل تعریف ہیں ۔ا نہوں نے کہا کہ حاجی مصری کے انتقال پر ذاتی طور پر پسماندگان سے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اس موقع پر سروری جماعت کے خلیفے سید علی اکبر شاہ ، رئیس محبوب عالم جمالی ، رئیس شوکت علی انڑ ، رئیس اسماعیل کاکا ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمد صابر کاکا ، وڈیرو نجم الدین کاکا ، لقمان راجپوت ، منٹھار کاکا ، عزیز احمد کاکا ، لقمان کاکا ، زاہد کاکا ، وڈیرو جمال الدین کاکا کے علاوہ کاکا برادری اور دیگر برادری معززین نے دستار بندی کی ۔ اس موقع پر مخدوم ہاؤس کے کو آرڈینیٹر سید ممتاز علی شاہ ، ای ڈی ایچ او ڈاکٹر نذیر ملاح ، نور سندھی ، رزاق ڈنو ہمو پوٹو ، میر مسرت جعفری ، ندیم ڈاہری سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ پی پی پی رہنما اور سروری جماعت کے روحانی پیشوا مخدوم جمیل الزماں نے سعید آباد کے قریب گوٹھ بھلیڈنو کاکا میں دستار بندی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی جماعت کو سندھ میں ووٹ نہیں ملے اب انتخابات ہوئے تو ان کی خراب کارکردگی کے باعث پی ٹی آئی کو دیگر صوبوں میں بھی ووٹ نہیں ملیں گے ۔مخدوم جمیل الزمان نے کہا کہ پی ڈی ایم تحریک میں کوئی بھی اختلاف نہیں ہیں اور نہ ہی وہ ناکام ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان مولانا فضل الرحمان جیسے شریف شخص اور بلاول زرداری پر کرپشن کے الزامات لگائے اور اب خود اور ان کی کابینہ فارن فنڈنگ کیس میں پیش ہوں ، مخدوم جمیل الزمان نے ایک سوال کے جواب میں مسکراتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا میں پاکستان کا جہاز روکنے پر ہم عمران حکومت کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہماری عزت میں اضافہ کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی عزت بچانا چاہتے ہیں تو بلاول زرداری سے سیاست سیکھیں اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نقش قدم پر چلیں ۔