لاہور (نمائندہ جسارت)لاہور کی احتساب عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت 26جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے، حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26جنوری تک توسیع کردی ، آئندہ سماعت پر نیب کے مزید گواہان کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کرلیا۔ جج امجد نذیر چودھری نے کیس کی سماعت کی۔ ہفتے کے روز
عدالتی سماعت پرحمزہ شہباز کو سینٹرل جیل کوٹ لکھپت سے سخت سیکورٹی حصار میں لاکر عدالت میں پیش کیا گیا اور عدالت میں ان کی حاضری مکمل کرائی گئی جبکہ رمضان شوگر ملز کیس میں عدالت نے شہباز شریف کو حاضری سے استثنا دے رکھا ہے۔ان کے نمائندے نواز چودھری ایڈووکیٹ نے پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔ دوران سماعت نیب استغاثہ کے گواہ وزیر اعلیٰ آفس کے ملازم محمد مقصود کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے مزید گواہان کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کرتے ہوئے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 26 جنوری تک توسیع کردی عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر حمزہ شہباز کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔