جنوبی افریقی ٹیم کراچی پہنچ گئی،پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کو ہوگا

265

کراچی (سید وزیر علی قادری) جنوبی افریقا کی ٹیم کراچی پہنچ گئی‘ سیکورٹی کے سخت انتظامات‘ پہلا ٹیسٹ 26جنوری کو ہوگا‘ تمام کھلاڑیوں کو ہوٹل میں قرنطینہ کردیا گیا‘ صرف منفی ٹیسٹ کے حامل کھلاڑی ہی میچ کھیل سکیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز 26 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے تاریخی گرائونڈ میں ہوگی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے 26 میں سے 4 مقابلوں میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی جبکہ 7میچز ڈرا ہوئے۔15میچوں میں جنوبی افریقا فاتح رہا۔دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ میچ جنوری 2019میں جنوبی افریقا کے سپر اسپورٹس کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا جہاں فتح میزبان ٹیم کے حصے میں آئی۔ اس سے قبل پاکستان اپنی سرزمین پر کل 7 ٹیسٹ میچوں میں جنوبی افریقا کی میزبانی کرچکا ہے، جہاں ایک میں اسے فتح اور 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 4 میچ ڈرا ہوئے۔ موجودہ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل اظہر علی سب سے زیادہ مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں حریف ٹیم کا سامنا کرچکے ہیں۔ وہ جنوبی افریقا کے خلاف 10ٹیسٹ میچوں میں 25.31 کی اوسط سے 481 رنز بناچکے ہیں تاہم کپتان بابراعظم اب تک3 ٹیسٹ میچوں میں حریف ٹیم کے خلاف ایکشن میں نظر آئے۔ انہوں نے 36.83 کی اوسط سے 221رنز بنائے ہیں۔ جس میں 2 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اب تک 2ٹیسٹ میچوں میں جنوبی افریقا کے خلاف ایکشن میں رہے اور 9 وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں۔ آل رائونڈر فہیم اشرف صرف ایک مرتبہ حریف ٹیم کے مدمقابل آئے ہیں، انہوں نے6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔مہمان ٹیم کے کپتان کوئنٹن ڈی کوک کاپاکستان کے خلاف ریکارڈ موجودہ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں سب سے بہتر ہے۔انہوں نے پاکستان کے خلاف اب تک کھیلے گئے 3 ٹیسٹ میچوں میں 62.75 کی اوسط سے 251 رنز بنارکھے ہیں۔ سابق کپتان فاف ڈوپلیسی میزبان ٹیم کے خلاف 7 ٹیسٹ میچوں میں شرکت کرچکے ہیں، جہاں ان کے رنز بنانے کی کل تعداد 246 ہے۔ دونوں ممالک کے خلاف آخری سیریز میں کاگیسو رابادا نے 18.70 کی اوسط سے 17 وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔