براڈ شیٹ: سپریم کورٹ عوام کو حقائق سے آگاہ کرے، سراج الحق

690

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق  کا کہنا ہے کہ براڈ شیٹ کے انکشافات سے پوری قوم پریشان ، سپریم کورٹ سو موٹو ایکشن لے کر عوام کو حقائق سے آگاہ کرے، لوگ کسی تحقیقات ادارے پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں ۔

منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق  نے کہا کہ پاکستانی پی آئی اے کے طیاروں میں سفر نہیں کرتے ،معلوم نہیں، انہیں کس ملک میں بٹھالیا جائے،پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہورہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ  ملک پر وہی ٹولہ مسلط ہے جنہوں نے انگریزوں کے بوٹ پالش کیے ،غریب کا بچہ تعلیم سے محروم جبکہ اشرافیہ کے بچے بیرون ملک ایلیٹ اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ جماعت اسلامی پاکستان کو کرپشن سے پاک فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ پانامہ اسکینڈل میں ملوث 436 افراد کے خلاف اگر عدالت عالیہ نے ایکشن لیا ہوتا تو آج براڈشیٹ جیسے اسکینڈلز سامنے نہ آتے ، براڈشیٹ کے معاملہ پر حکومت اور پی ڈی ایم کامیابی کے دعوے کر رہی ہے ۔

سینیٹر سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ  اگر حالات ایسے رہے تو لوگ خدانخواستہ خود چوکوں چوراہوں میں اپنی عدالتیں لگانا شروع کردیں گے ، جماعت اسلامی ملک کو امن کا گہوارہ بنانا چاہتی ہے ،ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ہر شہری کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی ہو ۔