پی آئی اےکی کوالالمپورپروازکےمسافر متبادل ذریعے سےآج شام اسلام آبادپہنچیں گے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق کوالمپور پرواز کے مسافر متبادل ذریعے سے آج اسلام آباد پہنچیں گے، 118 مسافر براستہ دبئی پرواز ای کے 614 کے ذریعے اسلام آباد پہنچیں گے۔
ملائیشیا میں روکا جانیوالا طیارہ پری گرائن کمپنی سے لیز پر لیا گیا تھا۔ پری گرائن کمپنی کے مالکان اور ڈائریکٹر بھارتی، دفتر دبئی میں ہے۔
پی آئی اے کا اٹارنی کوالالمپور میں موجود ہے اور تمام دستاویزات ارسال کردی گئیں جب کہ قانونی ٹیم پیر کو عدالت سے حکم امتناع خارج کرانے کی کوشش کریگی اور اس حوالے سے پی آئی اے کے بورڈ آف گورنرز کی مشاورت مکمل ہوگئی۔
واضح رہے کہ ملائیشیا میں لیز کے واجبات ادا نہ کرنے پرپی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ کوالالمپور ائر پورٹ پر تحویل میں لے لیا گیا تھا۔
ترجمان پی آئی اے نے بھی کوالا لمپور میں طیارے کو قبضے میں لیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مسئلے کے احسن حل تک مسافروں کی مناسب دیکھ بھال کی جائے گی۔ جمعہ کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 895 کراچی سے کوالالمپور پہنچی تھی، کوالا لمپور میں مقامی حکام نے پی آئی اے کا طیارہ عدالتی احکامات پر تحویل میں لیا۔