سکھر (نمائندہ جسارت) جے یو پی صوبہ سندھ کے رہنما و چیئرمین جماعت اہلسنت سکھر مشرف محمود قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہر شہری کو اپنی بہادر افواج پاکستان سمیت دیگر سیکورٹی فورسز اداروں پر ناز ہے، وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے افواج پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن سکھر کی جانب سے یوم یکجہتی افواج پاکستان ریلی میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اصلاح الدین شیخ کی قیادت میں ملنے والے وفد احمد انصاری، احسن انصاری، عثمان راجپوت، ایاز احمد عباسی، فیصل احمد عباسی، مبارک علی، وقار شاہ و دیگر سے ملاقات میں کی۔ ملاقات میں وفد نے انہیں یوم یکجہتی افواج پاکستان ریلی میں شرکت کیلے دعوت نامہ پیش کیا، ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال سمیت شہری مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اصلاح الدین شیخ کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کی سرحدوں پر جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے افواج پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک عظیم الشان یوم یکجہتی افواج پاکستان ریلی نکالی جا رہی ہے، جس میں تمام سیاسی، مذہبی، تاجر تنظیموں کے رہنمائوں سمیت محب وطن شہری شرکت کریں گے۔ اس حوالے سے تمام دوستوں کو دعوت نامے تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو پی رہنما و جماعت اہلسنت سکھر کے چیئرمین مشرف محمود قادری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اپنی بہادر افواج کیساتھ دشمنان ملک کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے۔