لاہور (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے براڈ شیٹ کو پانامہ ٹو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پانامہ میں بھی کوئی جواب نہیں دے سکے تھے اور اس میں بھی جواب نہیں دے رہے ، اس میں نئے نئے انکشافات ہوں گے ، وزیر اعظم عمران خان نے واضح کہا ہے کہ 16فروری کے بعد نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید نہیں کرنی ، پی ڈی ایم کے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے لیکن اگریہ قانون کو ہاتھ میں لیں گے اور امن و امان کی صورتحال پیدا کریں گے تو پھر قانون حرکت میں آئے گا ، پیپلز پارٹی ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے اوربہتر کھیل رہی ہے لیکن مولانا فضل الرحمان آخری پانچ اوور کا میچ کھیلنا چاہتے ہیں، سو روز میں تحصیل سطح پر نادرا کے دفاتر کھولیں گے اور کوشش ہو گی کہ نادرا
موبائل وینز کے ذریعے خود جا کر لوگوں کو شناختی دیں ، سو روز میںایف آئی اے کو ٹھیک کرینگے او رڈی پورٹ ہونے والوں کیلیے نیا قانون بنائیں گے،ٹیلیفون کالز کی باتیں صرف کمپنی کی مشہوری کے لیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے نادرا میگا سینٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ لاہور میں نادرا کے مزید دو دفتر بنائیں گے ، تمام ویزے آن لائن کر دیے ہیں ، تحصیل کی سطح پر نادرا کے دفاتر بنائے جائیں گے تاکہ لوگوں کو دور کا سفر طے نہ کرنا پڑے اور اسی طرح نادرا موبائل وینز کے ذریعے شناختی کارڈ کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پی ڈی ایم کی 19جنوری کو الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے احتجاج کے معاملے پر میری سربراہی میں سیاسی کمیٹی بنائی ہے ،حکومت نے اپوزیشن کے احتجاج میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے ، انہیں کھلی ڈھیل ہے لیکن اس کا غلط مطلب نہ لیا جائے،الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے ،اس ادارے میں صرف سلطان سکندر نئے آئے ہیں باقی لوگ تو پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے لگائے تھے ۔سیاسی جمہوری حکومت اور وزیراعظم کے فیصلے کے مطابق انہیں فری ہینڈ دیا ہے لیکن اگر یہ قانون کو ہاتھ میں لیں گے اور امن و امان کی صورتحال پیدا کریں گے تو پھر قانون بھی حرکت میں آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نہ انہوںنے پانامہ میں جواب داخل کرایا اور نہ اب براڈ شیٹ کے معاملے میں جواب د ے رہے ہیں ، اب یہ سیاست میں نئی راہیں تلاش کر رہے ہیں ۔ مولانا فضل الرحمان ملک کے حال پر رحم کریں ، پہلے تفرقہ بازی کی کوشش کی گئی لیکن اس میں ناکام رہے پھر ختم نبوت کی بات کر دی ، پاکستان میں وہ وزیر داخلہ ہے جو ختم نبوت کا سپاہی ہے اور اس کیلیے میرے سے زیادہ کسی نے جیل نہیں کاٹی ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اورعمران خان آخری آدمی ہوگا جو اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات کرے گا ۔ انہوںنے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا یہ استعفے نہیں دیں گے ، یہ سینیٹ اور ضمنی انتخابات بھی لڑیں گے ، لانگ مارچ کریں گے ،انہوں نے لانگ مارچ کا رخ راولپنڈی کی طرف کرنے کی بات اس لیے کی تاکہ بحث شروع ہو جائے اور بریکنگ نیوز بنے ، اب انہوں نے کہہ دیا ہے کہ اسلام آباد ہی آئیں گے ، ہم ان کا 19جنوری کو رویہ دیکھیں گے کہ یہ اپنے آئینی اور سیاسی حق کو کس طرح استعمال کرتے ہیں ،غلط استعمال کیا تو اسی طرح جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پی ڈی ایم کی قیادت سے ڈر نہیں کچھ باتیں ہیں جنہیں کرنے کا ابھی وقت نہیں ہے ۔