بر طانوی پارلیمنٹ نے واضح کردیا کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ، شاہ محمود قریشی

205

 

 

اسلام آباد( آن لائن ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم عرصہ دراز سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو دنیا بھر کے سامنے اجاگر کرتے چلے رہے ہیں آج وہی گونج برطانوی پارلیمنٹ میں سنائی دے رہی ہے۔خطے میں امن و امان اور ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بہت اطمینان ہوا ہے کہ جو باتیں ہم گذشتہ دو سال سے کہتے چلے آ رہے تھے آج دنیا ان کی تائید کر رہی ہے، بھارت پراپیگنڈہ کررہا تھا کہ یہ ان کا اندرونی مسئلہ ہے لیکن برطانوی پارلیمنٹیرینز نے واضح کر دیا کہ یہ عالمی سطح پر متنازع مسئلہ ہے جس پر سلامتی کونسل کی بہت سی قراردادیں موجود ہیں، یہ بھارت کا اندرونی معاملہ ہرگز نہیں ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت دنیا کو
یہ تاثر دے رہا تھا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں حالات معمول پر آچکے ہیں لیکن برطانوی پارلیمنٹیرینز نے بھارت کے جھوٹے دعوؤں کی قلعی کھول دی، یہ امر کشمیریوں کیلیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے اس آواز سے ہندوستان کا چہرہ مزید بے نقاب ہوگا۔وزیرخارجہ نے کہا کہ لاکھوں بھارتی فوجی کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہے ہیں، کشمیری نوجوانوں کو بلاجواز گرفتار کیا جا رہا ہے، خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات تواتر سے ہو رہے ہیں، ہزاروں کی تعداد میں کشمیری پابند سلاسل ہیں اور ان کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی، غیر جانبدار مبصرین کو مقبوضہ علاقوں تک رسائی نہیں دی جا رہی، بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں کو مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ امریکا میں 20 جنوری سے امور حکومت سنبھالنے والی بائیڈن انتظامیہ میں بہت سے لوگ جنہیں اہم ذمہ داریاں ملنے کی توقع ہے وہ اس خطے سے اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے واقف ہیں، ہمیں توقع ہے کہ وہ نہتے کشمیریوں کو بھارت کے فوجی محاصرے (ڈبل لاک ڈاؤن) سے نجات دلانے کیلیے امریکی کانگریس میں آواز اٹھائیں گے۔افغانستان سے متعلق وزیرخارجہ نے کہا کہ ہماری مسلسل کوشش رہی ہے کہ افغانستان میں دیرپا قیام امن قائم ہو پاکستان نے اس پورے عمل میں مصالحانہ کردار ادا کیا ہے اور کرتا رہے گا، بھارت افغان سرزمین کو پاکستان کیخلاف استعمال کرنے کی مذموم کوشش کر رہا ہے، ہم افغان حکام کو بھی اس صورت حال سے آگاہ کر چکے ہیں اور ان شواہد کو دنیا کے سامنے بھی مسلسل رکھ رہے ہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے اندرونی انتشار سے ہم واقف ہیں، استعفوں کے معاملے پر اندرونی اختلافات ہمارے علم میں ہیں، مسلم لیگ (ن) کے اندر مختلف آراء ہم سے ڈھکی چھپی نہیں اور جے یو آئی کی قیادت میں اختلاف بھی سب کے سامنے ہے، اس وقت پی ڈی ایم کے اندر مایوسی پھیل چکی ہے اپنے کارکنوں کو تسلی دینے کیلیے وہ جلسے منعقد کر رہے ہیں تاکہ یہ مایوسی زیادہ نہ بڑھے۔