سکھر، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دو شادی ہالز سیل

328

 

سکھر (نمائندہ جسارت) ضلعی انتظامیہ سکھر کی جانب سے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن، دو شادی ہالز سیل کردیے گئے، جاری اعلامیے کے مطابق ضلعی انتظامیہ سکھر کی جانب سے کورونا سے بچائو کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز پر عملدرآمد کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن اور آپریشن جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی رانا عمر، مختارکار سکھر سٹی بابر بلو کی سربراہی میں عملے نے سکھر میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرواتے ہوئے رات دیر تک کھلے ہوئے شادی ہالز اور ان میں جاری تقریبات میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 2 شادی ہالز کو سیل کیا گیا جبکہ ان پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ علاوہ ازیں اسسٹنٹ مختارکار سکھر سٹی نے ٹیم کے ہمراہ شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے پر مسافر گاڑیوں پر بھی جرمانے عائد کیے۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی رانا عمر مختارکار سکھر سٹی بابر بلو و دیگر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے احکامات کی روشنی اورڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور کی ہدایات پر سکھر شہر میں مکمل طور پر ایس او پیز عملدرآمد کروانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کریں، خود کو اپنے گھر والوں اور اپنے ملک کو اس موذی مرض سے محفوظ بنائیں۔