کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ اگر نیب سیاسی بنیاد پر کام کرے گا تو ہم اس کو کام نہیں کرنے دیںگے، کچھ لوگ پی ڈی ایم کے ٹوٹنے کا خواب دیکھ رہے ہیں، ہم استعفوں سے پیچھے نہیں ہٹیںگے، اب حکومتی صفوں سے بھی استعفے آنا شروع ہوگئے ہیں، حکومت جادو ٹونے سے نہیں چلتی، عمران خان خود کو جمہوری کہتے ہیں لیکن جمہو ر کے ساتھ کھڑے نہیں ہوتے، کپتان نیازی کی بہتری اسی میں ہے کہ وہ عزت سے استعفا دیں اور گھر چلے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے کراچی پریس
کلب میں نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی ،سیکرٹری رضوان بھٹی اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔شازیہ مری نے کہا کہ کراچی پریس کلب میںجمہوریت ہے،کراچی پریس کلب جمہوری رویے کی بہترین مثال ہے۔دور آمریت میں کراچی پریس کلب کے صحافیوں کو جھکانے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں جھکے۔انہوںنے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کے دعوے سب دیکھ رہے ہیں۔سندھ 70 فیصد گیس پیدا کرتا ہے لیکن سندھ کو ضرورت کے تحت گیس نہیں دی جارہی ہے۔یہ حکومت مسائل نہیں سننا چاہتی ہے۔سندھ کے ساتھ مستقل زیادتی ہورہی ہے۔