سرگودھا (این این آئی) حکومت پنجاب نے گنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دلانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے، جن میں 71 مڈل مین کو گرفتار جبکہ 164 مقدمات درج کیے ہیں ۔اسی طرح 266 غیر قانونی کنڈوں کو سیل جبکہ 70 افراد کو گرفتار کرلیا گیا اور 159 مقدمات درج ہوئے، اسی طرح تین لاکھ 20 ہزار روپے کے جرمانے کے لیے ہیں، ان اقدامات میں چینی کی قیمت میں اعتدال کے لیے اس کی درآمد کی اجازت دینے کی تجویز اور پھلوں، سبزیوں سمیت دیگر زرعی اجناس کی پیدا وار، طلب اور رسد سے متعلق پیشگی منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ کاشتکاروں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا اور مڈل مینوں، غیر قانونی کنڈوں کیخلاف کریک ڈاؤن مہم کو جاری رکھا جائے گا جبکہ شوگر ملوں کی جانب سے گنے کے کاشتکاروں کو بروقت اور مکمل ادائیگی یقینی بنانے سے متعلق ہدایات جاری کردی گئیں۔ ذرائع کے مطابق سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں گنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دلانے کے لیے پنجاب حکومت پوری طرح متحرک ہے اور کرشنگ سیزن کے دوران اب تک مختلف شہروں میں غیر قانونی خریداری میں ملوث 71 مڈل مینوں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ 164 مقدمات کا اندراج اور 40 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ اسی طرح 266 غیر قانونی کنڈوں کو سیل کرتے ہوئے 70 افراد کو گرفتار اور 159 مقدمات درج ہوئے اور تین لاکھ 20 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ اجلاس میں کرشنگ سیزن اور اشیاء ضروریہ بالخصوص چینی کی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لیا گیا اور سینئر صوبائی وزیر نے تجویز دی کہ چینی کی قیمت کو اعتدال میں لانے کے لیے اس کی درآمد کی اجازت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا بروقت گندم درآمد کرنے کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور آٹے کی قیمت میں واضح کمی آئی، جس سے عام آدمی کو ریلیف ملا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں آٹے کی قیمت سات ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے اور آٹے کا تھیلا مقررہ سے بھی کم قیمت پر دستیاب ہے۔ صوبائی وزیر صنعت نے سیکرٹری زراعت کو ہدایت کی کہ پھلوں اور سبزیوں سمیت دیگر زرعی اجناس کی پیداوار، طلب اور رسد سے متعلق پیشگی منصوبہ بندی کی جائے تاکہ کسی شے کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ مڈل مین کم قیمت پر گنا خرید کر کسانوں کا استحصال کرتے ہیں، حکومت کاشتکاروں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کرے گی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ مڈل مینوں اور غیر قانونی کنڈوں کیخلاف کریک ڈاؤن بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرکے صارفین کو لوٹنے والے مجرم ہیں، ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے شوگر ملوں کی جانب سے گنے کے کاشتکاروں کو بروقت اور مکمل ادائیگی یقینی بنانے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔