کھڈرو (نمائندہ جسارت) میڈیا کو خیر اور بھلائی کا علمبردار ہونا چاہیے، سنجھورو سمیت ضلع سانگھڑ کے تمام شہر کھنڈر کا منظر پیش کررہے ہیں، موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، میڈیا مسائل پر آواز اٹھائے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ محمد رفیق منصوری، صدر جے آئی یوتھ ضلع سانگھڑ ڈاکٹر محمد سہیل ہنجرہ نے سنجھورو پریس کلب اور تعلقہ پریس کلب سنجھورو کے دورے اور نو منتخب عہدیداران کو مبارک باد دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو وابستگی سے بالا تر ہوکر قوم کی نمائندگی کرنی چاہیے۔ تعلیم سمیت سندھ کے تمام ادارے تباہی سے دوچار اور حکومت کی گرفت کمزور ہوتی جارہی ہے۔ حکومت لوڈشیڈنگ پر قابو پاسکی ہے، نہ گیس کی کمی پر، مہنگائی بڑھتی جارہی ہے اور قوم مسائل کے گرداب میں پھنس چکی ہے۔ حکومت اور اپوزیشن اپنی نااہلی اور کرپشن چھپانے کے لیے ایک دوسرے کے کپڑے اتارنے میں مصروف ہیں۔ سندھ حکومت اور وفاقی حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ایک دوسرے کو للکار رہی ہیں، ایسے میں مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے پریشان حال لوگ پوچھ رہے ہیں کہ ووٹرز سے وعدہ کرکے جانے والے ایم پی ایز، ایم این ایز اور وزراء کہاں گم ہیں، کیوں چپ ہیں۔ ان کے مسائل کب اور کون حل کرے گا، شہر اور آبادیاں کیوں کھنڈر میں تبدیل ہورہی ہیں۔ عوامی مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھتے ہی کیوں جارہے ہیں۔ منتخب نمائندے کب اپنے ذاتی مفادات سے نکل کر مظلوم کی آواز بنیں گے اور قوم کے مسائل کے حل میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر یوتھ سنجھورو کے رہنما یاسر جٹ اور جنرل سیکرٹری اسد آرائیں بھی موجود تھے۔