پی ٹی سی ایل نے ٹیلی کا م سروسز لائسنس کی تجدید کرالی

455

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان ٹیلی کمیونیکشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ساتھ آئندہ 25 برسوں کے لیے ا پنے ا نٹیگریٹڈ ٹیلی کا م سروسز لائسنس کی تجدید کرالی ہے۔ پی ٹی سی ایل نے 29 جون، 2018 کو پی ٹی اے کو باضابطہ درخواست دے کر تجدید کے عمل کا آغاز کردیا تھا۔ گفت و شنید کے اختتام کے بعدموجودہ حکومت کی پالیسی کے مطابق لائسنس کی تجدید کردی گئی۔پی ٹی سی ایل ملک میں مواصلاتی رابطوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت سے پاکستان کے عوام کو بلا رکاوٹ اور بہتر معیار کی سروسز کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔ پی ٹی سی ایل کی طرف سے فراہم کردہ بلا رکاوٹ اور قابل بھروسہ کنکٹیویٹی ملک میں مثبت، معاشی اور سماجی ترقی لانے میں اہم کردارادا کررہی ہے۔پی ٹی سی ایل وزیرا عظم کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے مطابق ملک کے کونے کونے میں فائبر نیٹ ورک بچھانے کے لیے تذویراتی حکمت عملی پرعمل پیرا ہے۔ یہ نہ صرف کاروباری طبقات کے لیے ممد و معاون ثابت ہوگا بلکہ صارفین کے لیے لا محدود تیز ترین انٹر نیٹ کے ذریعے سہولت اور آسانی کو یقینی بنائے گا۔مزید برآں پی ٹی سی ایل جدید ترین ٹیکنالوجیز کو بروئے کارلا کرمحفوظ اور جدید کلاؤڈ سلوشنز، ڈیٹا سینٹرز، فائبر انٹرنیٹ،مقامی اور بین الاقوامی لیز لائنز، آئی پی بینڈ ودتھ، آئی پی ٹی وی سروسز اور وائس ٹیلی فونی پیش کش کے لیے اپنے انفرااسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہے۔اپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے نوید خالد بٹ، گروپ چیف ریگولیٹری آفیسر، پی ٹی سی ایل اور یوفون نے کہا ’’ہم اگلے 25 سال کے لیے حکومت پاکستان اور پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کی پالیسیوں کے مطابق اپنے لائسنس کی تجدید کا اعلان کرنے میں خوشی محسو س کرتے ہیں۔ بحیثیت قومی ادارہ پی ٹی سی ایل پاکستان بھر میں لوگوں اور اداروں کو مواصلاتی سروسز فراہم کرنے کی اپنی کوششوں میں ہمیشہ پرعزم رہا ہے۔