فضل الرحمن کے فرنٹ مینوں کے بھی فرنٹ مین سامنے آرہے ہیں، گنڈاپور، مراد سعید

605

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزرا علی امین گنڈاپور اور مراد سعید نے کہا ہے کہ فضل الرحمن کے فرنٹ مینوں کے فرنٹ مین بھی سامنے آرہے ہیں‘ پی ڈی ایم مدارس کے بچوں کو چوروں کی کرپشن چھپانے کے لیے استعمال کر رہی ہے‘ مولانا نیب سوالنامے کا جواب دیں‘ نوازشریف دور میں جے یوآئی کے رہنما مولانا اجمل قادری اسرائیل جانے والے وفد میں شامل تھے‘مولانا ناٹوسپلائی میں اپنا کام چلاتے رہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پی ڈی ایم مدارس کے بچوں کو ڈاکوئوں اور چوروں کی کرپشن چھپانے کے لیے استعمال کر رہی ہے‘ والدین اپنے بچوں کو ان کے ہاتھوں استعمال نہ ہونے دیں‘ مولانا فضل الرحمن سے شیعہ، سنی فسادات کرانے کے لیے فنڈنگ حاصل کرنے سمیت 4 سوالات کیے تھے لیکن انہوں نے ان کے جوابات نہیںدیے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے مولانا فضل الرحمن اور ان کے سہولت کاروں کو سوالنامہ بھیجا اور پیشی کے لیے بلایا ان میں سے بہت سے لوگ پیش نہیں ہوئے‘ اگر ان کے دامن صاف ہیں تو یہ نیب کے سامنے پیش کیوں نہیں ہوتے؟ اس موقع پرمراد سعید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اور ان کے فرنٹ مینوں کے بعد ان کے بھی فرنٹ مین منظر عام پر آنے لگے ہیں جن کے نام پر اربوں روپے کی جائدادیں ہیں‘وزیراعظم عمران خان نے پوری دنیا میں کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ لڑا اور ناموس رسالت کے لیے آواز بلند کی‘ عمران خان پر تنقید اور یہودی لابی کا راگ الاپنے والے مولانا فضل الرحمن اور ان کی جماعت اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی خواہاں تھی‘ مفتی محمود کے چاہنے والے بھی یہ سن کر شرمندہ ہوں گے کہ نواز شریف کے دور میں جمعیت علما اسلام (ف) کے رہنما مولانا اجمل قادری بھی اس وفد میں شامل تھے جو اسرائیل سے تعلقات قائم کرنا چاہتا تھااور اس کا اعتراف اجمل قادری خود کر چکے ہیں‘ مولانا نے فرنٹ مینوں کے نام سے جائدادیں بنانے کے لیے دبئی اور قطر میں بھی جائدادیں اور سرمایہ کاری کر رکھی ہے جس کو جلد منظر عام پر لائیں گے‘ انہوں نے حج اور مذہب کے نام پر بھی کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا اور عبداللہ اور ابرار شاہ کے نام پر4 کمپنیاں بناتے ہوئے انہیں حج کا کوٹا دلایا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا رئوف ماما اور ان کا فرنٹ مین عبداللہ ڈرائیور شورکوٹ میں88کنال زمین، وانڈہ مدد ڈی آئی خان میں ہزار کنال زمین کے مالک ہیں‘ عبداللہ وزیر سول راک میں400 کنال زمین کا مالک ہے‘ فرنٹ مین گل ظریف اور دین اسلام کی بھی اربوں روپے کی جائدادیں اور کمرشل دکانیں ہیں‘ مولانا فضل الرحمن کے ماما اور ماما کے فرنٹ مین نیک بادشاہ کے نام جائدادیں بھی ہیں جن کی تحقیقات جاری ہیں‘ فرنٹ مین اشفاق احمد جو کلاس فور کا ملازم ہے اس کی5 تیل کی ٹرالیاں ہیں جو ناٹو کی سپلائی کے لیے استعمال ہوتی رہیں‘ گارڈ آصف سپاہی بھی ان کا فرنٹ مین نکلا ہے جس کے نام پر بے نامی زمین ہے۔