نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی آرمی چیفجنرل منوج مکند نرونے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان گٹھ جوڑ بھارت کے لیے بڑا خطرہ بن گیا ہے، بھارت کو ٹکراؤ کے لیے تیاررہنا چاہیے۔ بھارتی فوج کی سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان ایک دوسرے سے مل کر بھارت کے لیے سنگین خطرہ پیدا کرتے ہیں اور ٹکراؤ کے خدشے کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔جنرل منوج مکند نرونے کہاکہ پاک چین دفاعی اور عسکری تعاون میں کافی اضافہ ہوا ہے اور ہمیں دونوں محاذوں پر خطرہ ہے لیکن اس خطرے سے نمٹتے ہوئے یہ دیکھنا ضروری ہوگا کہ کس محاذ پر زیادہ بڑا خطرہ ہے اور اسی تناظر میں پہلے بڑے خطرے سے نمٹنا ہوگا۔جنرل نرونے ہرزہ سرائی کی کہ پاکستان نے دہشت گردی کو گلے لگانے کا کوسلسلہ برقرار رکھا ہوا ہے ،ہم اپنی پسند کے وقت کے مطابق کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔بھارتی آرمی چیف کے بقول لداخ میں چین ایسا کرے گا اس اندازہ نہیں لگایا جا سکا تھا۔ جنرل منوج مکند نرونے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات اب بھی بہتر نہیں اس لیے فوج واپس نہیں ہوگی ۔