نیب سیاستدان کو دبانے کا ذریعہ ہے: شاہد خاقان

225

کراچی: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نیب سیاستدان کو دبانے کا ذریعہ ہے، نیب دوسروں کو کٹہرے میں کھڑا کرتا ہے، آج خود کھڑا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب کو کس نے اختیار دیا کہ 7 ارب روپے ایک کمپنی کے حوالے کردے؟ جب کمپنی لسٹ دے تو کچھ نام ڈالنے اور کچھ نکلوانے کا کہا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے 7 ارب روپے دیے، نیب کو کیا ملا۔ نیب کے پاس جواب ہے، اعلیٰ عدلیہ اس معاملے پر از خود نوٹس لے، اگر انصاف ہوتا تو ہم نہیں نیب کا چیئرمین کٹہرے میں کھڑا ہوتا۔

شاہد خاقان نے کہا کہ نام لے کر سوشل میڈیا پر بتایا گیا کہ کس نے پیسے مانگے۔ برٹش ہائی کورٹ کا آرڈر حکومت اور نیب کے پاس ہے، برطانوی عدالت کا فیصلہ پبلک کیوں نہیں کیا جاتا۔

ان کا کہنا تھا کہ براڈ شیٹ کا معاملہ معمولی معاملہ نہیں ہے۔ براڈ شیٹ کو نواز شریف کے خلاف کچھ نہیں ملا۔