شام: اسرائیلی جنگی طیاروں کی ایرانی ٹھکانوں پر بمباری، 23 ہلاک

605

دمشق: اسرائیل کے جنگی طیاروں نے شام و عراق کے سرحدی علاقے میں ایران کی پاسداران انقلاب کے اڈوں اور اسلحہ ڈپو پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے 18 ایرانی ٹھکانوں کو ٹارگٹ کیا جہاں مبینہ طور پر ایران کے پاسداران انقلاب اور لبنان کی حزب اللہ کے جنگجوؤں کی قیام گاہیں اور اسلحہ ڈپو تھے۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مشرقی شام میں بوکمل اور دیر ایزور کے علاقوں میں کی گئی کارروائی میں 23 جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جب کہ 5 اسلحہ ڈپو کو تباہ کردیا گیا۔

دوسری جانب شام نے اسرائیلی طیاروں کی بمباری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نقصان کا جائزہ لیا جارہا ہے۔تاہم اب تک ایران کی جانب سے حملوں پر کسی قسم کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔