کراچی/ اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر/ نمائندہ جسارت/ خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں 24گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید41 افراد جاں بحق جبکہ 2 ہزار
408 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔منگل کو میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر سے بہرصورت بچنے کی کوشش کرنی ہوگی‘ ویکسین آنے میں وقت لگے گا اور اس وقت تک ہرشخص کی ذمے داری ہے وہ احتیاط کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ساڑھے5 کروڑ لوگ معاوضے کے عوض کام کرتے ہیں‘وبا سے2 کروڑ افراد کا روزگار متاثر ہوا‘10 فیصد گھرانے بعض اوقات ایک سے زاید دن بھوکے رہے‘30 فیصد گھرانے خوراک کی عدم فراہمی پر عدم تحفظ کا شکار ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور امریکا میں کورونا سے جتنی اموات2021ء میں ہو رہی ہیں‘ اتنی 2020ء میں نہیں ہوئیں۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے چینی کمپنی سے بات چیت جاری ہے‘جلد اچھی خبر دیں گے۔ علاوہ ازیں حکومت نے کورونا سے بچائو کی ویکسین کے لیے ہیلتھ ورکرزکو رجسٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں ویکسین فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو مفت لگائی جائے گی۔ رجسٹریشن کے طریقہ کار کو جاننے کے لیے www.ncoc.gov.pk پروزٹ کریں‘ ویکسین صرف رجسٹرڈ ہیلتھ ورکرز کو ہی لگائی جائے گی‘ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے ہیلتھ ورکرز کی رجسٹریشن متعلقہ صوبائی صحت سینٹرز میں ہوگی۔ اسلام آباد، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت کے ہیلتھ ورکرز کی براہ راست ریسورس مینجمنٹ سسٹم میں رجسٹریشن ہو گی۔ پاکستان نے ابتدائی طور پر چینی کمپنی سائنوفارم سے ویکسین کی12لاکھ ڈوزیز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چینی کمپنی سائنوفارم سے ویکسین کی خریداری کا فیصلہ کابینہ کمیٹی نے کیا ہے۔ ویکسین 2021ء کی پہلی سہ ماہی میں مہیا کی جائے گی۔ وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ سیکٹر یا کوئی اور بین لاقوامی منظور شدہ ویکسین امپورٹ کرنا چاہے تو کرسکتا ہے‘ چینی سینو فارم ویکسین 79 فیصد موثر ہے۔ علاوہ ازیں ملک میں تقریباً ڈیڑھ ماہ کے دوران فعال کیسز میں13 ہزار سے زاید کی کمی ریکارڈ کی گئی‘ 30 نومبر2020ء کو ملک بھر میں فعال کیسز کی تعداد 48576 تھی جو12جنوری2021ء کو کم ہو کر 35007 رہ گئی اس طرح ڈیڑھ ماہ کے دوران 13569فعال کیسز کم ریکارڈ ہوئے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے کے دوران40 ہزار 88 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد مجموعی ٹیسٹوں کی تعداد 71 لاکھ 62 ہزار 626 ہوگئی ہے‘ ملک بھر میں مزید 2 ہزار 408 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں‘ اس طرح مجموعی کیسزکی تعداد 5 لاکھ 06 ہزار 701 ہوگئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں فعال کیسزکی تعداد34 ہزار 7 ہوگئی ہے۔ جب کہ 2 ہزار سے زاید مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک بھر میں کورونا سے مزید 41 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 10 ہزار 717 ہوگئی ہیں۔ ایک دن میں 3 ہزار 606 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 61 ہزار 977 ہوگئی ہے۔