ٹھٹھہ، ٹھیکیدار کے غنڈہ ٹیکس کیخلاف کوئلے کے ٹرک ڈارئیورز کا احتجاج

260

 

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ٹھٹھہ کے کوہستانی علاقے میں قائم کوئلے کی کانوں سے نکلنے والے کوئلے کو دھونے والے ٹرکوں پر مقرر ٹھیکیداروں کی جانب سے مزید ٹیکس لگانے کیخلاف ٹرک ڈرائیوروں کا ٹرک کھڑے کرکے احتجاج کرتے ہوئے غیر قانونی رائلٹی ٹیکس واپس لے کر ٹرک ڈرائیوروں اور مالکان سے انصاف کا مطالبہ۔ جھمپیر کے قریب کوہستانی علاقوں جھمپیر، اونگر میٹنگ میں قائم کوئلے کی کانوں سے نکلنے والے کوئلے کو دھونے والے گاڑی مالکان اور ڈرائیوروں کی جانب سے زیادہ رائلٹی ٹیکس وصول کرنے کیخلاف کوئلہ اٹھانے والے ٹرک ڈرائیوروں نے ٹرک کھڑے کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مزدوروں کے لیے جدوجہد کرنے والے یونین رہنما اللہ بچایو چانگ نے کہا کہ ٹھٹھہ کے کوہستانی علاقے جھمپیر، اونگر اور میٹنگ والے علاقوں میں قائم کوئلے کی کانوں سے نکلنے والا کوئلہ ٹرک والے دھوتے ہیں، جن سے محکمہ معدنیات کول اتھارٹی کی جانب سے سرکاری طور پر رائلٹی وصول کرنے کے بجائے مقرر کیے ہوئے ٹھیکیدار حاکم جسکانی کے ملازمین کی جانب سے پہلے 150 روپے فی ٹن کے حساب سے رائلٹی وصول کی جاتی تھی مگر اب مقرر کیے ہوئے عملے نے مزید 90 روپے بڑھا دیے ہیں جس کی وجہ سے فی ٹرک پر 3 ہزار روپے کا زیادہ بوجھ بڑھ گیا ہے جو کہ ہمارے بس سے باہر ہے، بڑھائی جانے والی رائلٹی کا کوئی بھی سرکاری شیڈول جاری نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ غنڈہ ٹیکس ہے جو غیر قانونی طور پر مقرر عملہ وصول کررہا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر کوئلے کے فی ٹن پر بڑھایا جانے والا غیر قانونی ٹیکس ختم، بااثر ٹھیکیدار کے مسلح ملازمین سے نجات دلا کر پریشانی سے بچایا اور ٹیکس سرکاری کسٹڈی میں لیا جائے، بصورت دیگر سخت احتجاج کیا جائے گا۔