سلیکٹڈ راج ختم کرکے حقیقی جمہوریت بحال کریں گے ، بلاول زرداری

182

مالاکنڈ (آن لائن ) چیئر مین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ عوام نالائق حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں ، عوام جانتے ہیں یہ تبدیلی والے صرف جھوٹ بولتے ہیں ، تبدیلی والے سارے منافق اور دھوکے باز ہیں ، جوبھی وعدے کیے گئے
سارے جھوٹے نکلے، پیپلزپارٹی نے عوام سے جو وعدے کیے وہ پورے کیے۔ تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے ، ذوالفقارعلی بھٹو نے مالاکنڈ سے ایف سی آر کا خاتمہ کیا ، مالاکنڈ کے عوام نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کر آمروں کا مقابلہ کیا ہے ، مالاکنڈ کے عوام سے وعدہ کر رہا ہوں کہ مل کرکٹھ پتلیوں کوبھگائیں گے ، کٹھ پتلی اورسلیکٹڈ راج کا خاتمہ کرکے حقیقی جمہوریت بحال کریں گے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دہشت گردوں نے ہمارے اے پی ایس کے معصوم بچوں کو شہید کیا لیکن آج تک اے پی ایس کے شہید بچوں کو انصاف نہیں دلا سکے ، بلور خاندان اورہزارہ برادری کے معصوموں کو انصاف نہیں دلاسکے ، عمران خان نے مچھ متاثرین کو بلیک میلر کہا یہ کس قسم کا انصاف ہے ، ہمیں یاد ہے کون آپ کے ساتھ کھڑے تھے اورکون دہشت گردوں کے ساتھ تھے ، وزیر اعظم نے متاثرین کے پاس جانے کے بجائے ان کو اپنے پاس بلایا ، نئے پاکستان میں جینا مہنگا اور عوام کا خون سستا ہے ، نالائق حکمران کی وجہ سے ہماری معیشت تباہ ہوچکی ہے ، آج کھانے پینے کی اشیاعوام کی پہنچ سے دورہیں ، پہلی بار پاکستان کا اکنامک گروتھ ریٹ منفی میں ہے ، پاکستان کی معیشت آج افغانستان سے بھی پیچھے ہے۔