عدالت عظمیٰ: میشا شفیع کی ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل منظور

180

اسلام آباد (آن لائن) معروف گلوکارہ میشا شفیع ہراسگی کیس عدالت عظمیٰ پہنچ گیا، عدالت نے جنسی ہراسگی کے کیس میں گلوکارہ میشا شفیع کی لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل ابتدائی سماعت کیلیے منظور کرتے ہوئے اسے جنسی ہراسانی کی تعریف کے ازخود نوٹس کے ساتھ منسلک کردیا، عدالت نے کہا کہ میشا شفیع کے وکیل کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات غور طلب ہیں، کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔ پیر کو عدالت عظمیٰ میں جسٹس
مشیر عالم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے میشا شفیع ہراسانی کیس کی سماعت کی، عدالت نے گلوکار علی ظفر اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے علی ظفر کے وکیل سے تحریری جواب طلب کرلیا۔ میشا شفیع کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا تھا کہ ہراسانی کی شکایت صرف متعلقہ ادارے کے ملازمین کر سکتے ہیں، ہراسانی قانون کے تحت کسی کے خلاف شکایت کیلیے شکایت کنندہ کا اس کا ملازم ہونا ضروری نہیں۔ علی ظفر کے وکیل نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کیس کے میرٹس کو نہ دیکھے، وفاقی محتسب اور لاہور ہائیکورٹ میشا شفیع کی درخواست خارج کرچکے۔ جس پر عدالت نے کہا کہ ہم کیس کا فیصلہ نہیں کر رہے، صرف قانونی نکات کی وضاحت کیلیے نوٹس لیا ہے، جو نکات اٹھائے گئے ان کا جائزہ لینا ضروری ہے۔