مالاکنڈ(خبر ایجنسیاں ) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر اور جے یوآئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ خود پاپاجونز کے پیزے، ہمیں چائے پانی پر ٹرخانا مہمان نوازی نہیں۔ انہوں نے مالاکنڈ میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان پر کہا کہ آج فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ جب ان
سے سوال کیا گیا کہ فضل الرحمان کہتا ہے ہم پنڈی آئیں گے، جی ایچ کیو کے سامنے مظاہرہ کریں گے، تو انہوں نے جواب میں کہا کہ مولانا آئیں ہم چائے پانی پلائیں گے، میں ان سے کہناچاہتاہوں کہ آپ خود تو پاپا جونز کے پیزے کھائیں اور ہمیں چائے پانی پر ٹرخائیں،یہ زیادتی ہے، یہ مہمان نوازی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین کیخلاف اور صوبائی حقوق خودمختاری کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں، ہم صوبوں کے عوام کے حقوق کے تحفظ کی جنگ لڑیں گے، آج پاکستان کی معیشت تباہ ہوگئی ہے، معیشت ایسے ہے جیسے بی آرٹی پشاور ہے، 25ارب کاپشاور منصوبہ آج 125ارب تک پہنچ گیا پھر بھی مکمل نہیں ہوا، فنی ماہرین کہتے ہیں یہ اتنا غلط اور ناکام منصوبہ ہے ، جب تک یہ منصوبہ ختم کرکے دوبارہ نہیں بنایا جائے گا، ٹھیک نہیں ہوسکتا،لیکن 126ارب نقصان کا حساب کون دے گا؟کرپشن کے دروازے کھول رکھے ہیں، ماہرین کہتے ہیں اس کو ازسرنو تعمیر کرنا ہوگا۔