سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میونسپل کارپوریشن اور صفائی عملے کی لاپروائی، صفائی کے ناقص انتظامات ،تجارتی و رہائشی علاقے گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ،تعفن اٹھنے سے مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ،شہری حلقوں میں تشویش کی لہر، صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ و دیگر بالا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں سکھر میونسپل کارپوریشن اور محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران سمیت صفائی عملے کی نگرانی پر مامور عملے کی مجرمانہ غفلت اور نااہلی کی وجہ سے شہر کے تجارتی و کاروباری مراکز کے بعد شہر کی مصروف ترین سڑکوں سمیت رہائشی علاقوں کی گلیاں گندگی کے ڈھیر کا منظر پیش کر رہی ہیں، صفائی عملے نے شہری و تجارتی مرکز سے گندگی کے ڈھیر اٹھا کر ٹھکانے لگانے کے بجائے کچرہ کنڈی بنانا شروع کررکھا ہے ،کچرے و گندگی کے ڈھیروں سے اٹھنے والے تعفن کی وجہ سے شہر میں مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ حد سے زائد بڑھ گیا ہے شہری حلقوں سمیت شہریوں و دکانداروں نے سکھر انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے سکھر میونسپل اور محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر اور ڈرینج سسٹم ناکارہ ہوجانے کی وجہ سے نالیوں اور گٹروں کا گندا پانی جمع ہے جو انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سکھر کے شہری حلقوں ،تاجر برادری اور علاقہ مکینوں نے ایڈمنسٹریٹر سکھر ، میونسپل کمشنر و دیگر متعلقہ اداروں کے بالا حکام سے نوٹس لیکر صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کر شہریوں کو بنیادی و بلدیاتی سہولیات فراہمی کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔