فضل الرحمن سے حکومت رابطہ کرنا ہی نہیں چاہتی ‘ پرویز خٹک

319

نوشہرہ (صباح نیوز)وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے حکومت نے کوئی رابطہ کیا ہے اور نہ ہی کرنا چاہتی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک خطاب میں کیا۔پرویز خٹک نے کہا کہ وزیراعظم نے سانحہ مچھ کے شہدا کے ساتھ کیا اپنا وعدہ پورا کیا۔ عمران خان تدفین کے فوری بعد کوئٹہ پہنچے اور سانحہ مچھ کے شہدا کے لواحقین کے دکھوں کا مداوا بھی کیا۔ وزیر دفاع نے دھرنا مظاہرین کے میتوں کی تدفین سے قبل عمران خان کو کوئٹہ بلانے کے مطالبے کو انتہائی غلط قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں سانحہ مچھ کو سیاسی رنگ دینا چاہتی تھیں جو افسوسناک بات ہے۔پڑوسی ملک بھارت، پاکستان کے امن کو خراب کرنا چاہتا ہے، وزیراعظم مزدوروں کے خون کا حساب لیکررہیں گے۔ اپوزیشن اتحاد کہتا ہے کہ اسلام آباد لوگ لے کر آئیں گے، ہم بھی دیکھیں گے کہ ان کے ساتھ کتنے لوگ آتے ہیں۔پرویز خٹک نے محمد علی درانی کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کو ان کا ذاتی فعل قرار دیا۔