سکھر، نہروں کی بھل صفائی آبی حیات کے لیے خطرے کا باعث

149

سکھر( نمائندہ جسارت)سکھربیراج اور اس کی نہروں کی بھال صفائی آبی حیات کے لیے خطرہ کا باعث بن گئی ،نہروں میں پانی کی کمی کے باعث سیکڑوں مچھلیاں اور کچھوے ہلاک ہوگئے، محکمہ وائیلڈ لائف اور دیگر متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بن گئے، آبی حیات کی ہلاکت سے علاقہ مکینوں کی چاندی ہوگئی،نہروں میں نامعلوم افرادکی جانب سے زہر ڈالے جانے کی بھی اطلاعات ہیں، زرائع کیمطابق زہرکی وجہ سے آبی حیات سطح پر آکر مررہی ہیں ، سکھر بیراج اور اس سے نکلنے والی نہروں میں جاری بھل صفائی آبی حیات کے لیے خطرہ بن گئی ہے، بھل صفائی کے دوران نہروں سے مٹی نکالنے کے لیے نہروں میں پانی کی فراہمی بند کردی گئی ہے جس سے نہروں میں موجود آبی حیات مرنے لگیںہزاروں کی تعداد میں مچھلیاں، کچھوے اور دیگر آبی حیات نہروں کے کنارے پر آکر مرنے لگے جس سے علاقے کے لوگوں کی چاندی ہوگئی ہے اور وہ مری ہوئی مچھلیاں کھانے کے لیے گھر لے جانے لگے ہیں جبکہ لوگوں نے زندہ مچھلیاں پکڑنے کے لیے نہروں میں جال بھی ڈال دیے ہیں، نامعلوم افراد کی جانب سے نہروں میں زہر ڈالے جانے کی بھی اطلاعات ہیں جو ان آبی حیات کے لیے مزید خطرے کا باعث ہے لیکن محکمہ وائلڈ لائف یا دیگر ادارے اس حوالے سے کارروائی کرنے کے بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔