اسرائیل جواب کا انتظار کرے قاسم سلیمانی کا بدلہ لینا ابھی باقی ہے، ایرانی سفیر

124

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا ہے کہ امریکا سے ایرانی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینا ابھی باقی ہے جبکہ اسرائیل کے ہاتھوں ایرانی ایٹمی سائنسدان کے قتل کی جامع تحقیقات ہو رہی ہیں‘ اسرائیل ایرانی جواب کا انتظار کرے۔ ایک نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ جنرل قاسم سلیمانی کی موت کے بعد عراق میں امریکی تنصیبات پر ایرانی حملہ ایک فوری رد عمل تھا‘ جنرل سلیمانی کے قتل کا بدلہ ابھی لیا جانا ہے۔ ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت کے لیے امریکی صدر کا انتخاب نہیں بلکہ ان کے اقدامات اہمیت رکھتے یں‘ امریکی نو منتخب صدر جوبائیڈن کو سب سے پہلے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کو بحال کرنا چاہیے‘ صدر ٹرمپ نے اپنا زیادہ تر وقت ایرانی دشمنی میں گزارا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کسی صورت اسرائیلی عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دے گا‘ اسرائیل ایرانی سائنسدان محسن فخری زادے کے قتل کے بدلے کا انتظار کرے‘ عرب ممالک کا اسرائیل کو تسلیم کرنا فلسطینی کاز پر ایک کاری ضرب ہے ۔ ایرانی سفیر نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم عمران خان کے دور حکومت میں پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچے گا‘ یہ منصوبہ دونوں کے مفاد میں ہے‘ ایران نے سخت اقتصادی پابندیوں کے باوجود اپنے حصے کا کام مکمل کر لیا ہے۔