وزیراعظم سے وابستہ قوم کی امیدیں دم توڑ گئیں‘ سراج الحق

1106
لوئردیر: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

لاہور ( نمائندہ جسارت ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کی اب تک کی کارکردگی ناکامیوں سے عبارت ہے ۔ مہنگائی کے عذاب سے عوام بے حال ، قوم مافیازکو معاف کرنے کو تیار نہیں ۔ وزیراعظم سے وابستہ قوم کی امیدیں ناامیدی میں تبدیل ہو گئی ہیں، ان کا ایک ہفتے بعد کوئٹہ کا دورہ کرنے کا فیصلہ غیر دانشمندانہ اور پوری دنیا میں ملک کے لیے شرمندگی کا باعث بنا۔ پی ڈی ایم کا اپنا ایجنڈا اور اپنے سیاسی مقاصد ہیں ۔ جماعت اسلامی اپنے طریقہ کار کے مطابق حکومت کے خلاف مہم چلا رہی ہے ۔ سینیٹ انتخابات قبل از وقت کروائے گئے تو ہوسکتاہے قومی اسمبلی کے الیکشن بھی پہلے ہو جائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیمر گرہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ نئے سال کے آغاز کے پہلے ہفتے میں بنیادی ضرورت کی 22 اشیاء اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے جو کہ پی ٹی آئی کی حکومت کی طرف سے عوام کو سال کا پہلا تحفہ ہے ۔انہوںنے کہاکہ ایسا دکھائی دیتاہے کہ حکومت اور مافیاز کسی بھی صورت میں غریبوں کو معاف کرنے کے لیے تیار نہیں ۔ اشرافیہ اس ملک او ر اس کی عوام سے کون سا بدلہ لینا چاہ رہی ہے ، یہ پتا لگانا مشکل ہے ۔ برسہا برس سے پاکستان کے ریسورسز کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہاہے ۔ ملک کی 80 فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی تک حاصل نہیں۔ غریب کا بچہ سکول نہیں جارہا ۔ سکولوں کالجز میں رائج نصاب تعلیم بوسیدہ ہے ۔ تعلیمی نظام کو بدلنے کے دعوے ہوائی ثابت ہوئے ۔ عوام کے لیے صحت کی سہولتیں نایاب ہو گئی ہیں ۔ بدحال معیشت نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کردیاہے ۔ اشرافیہ اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف جبکہ مزدور اور کسان بنیادی ضروریات کی تکمیل کے لیے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ حکمران عوام پر رحم کریں اور اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں کمی کی جائے ۔ اداروں میں ریفارمز لانے کے لیے تدبیر ہونی چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے گزشتہ ڈھائی سال میں عوام کی فلاح کا ایک بھی بڑا منصوبہ بھی متعارف نہیں کروایا ۔ یہ کہنے میں کو ئی آر نہیں کہ تحریک انصاف کی اب تک کی کارکردگی صرف ناکامیوں سے عبارت ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا اپنا ایک ایجنڈا ہے اور ان کے اپنے مقاصد ہیں ۔ جماعت اسلامی اپنے طریقہ کار کے مطابق حکومت کے خلاف مہم چلا رہی ہے ۔اس تحریک کے پہلے فیز میں صوبہ کے پی میں جلسے کیے گئے جبکہ دوسرے فیز میں پنجاب میں جلسے جاری ہیں ۔ سرگودہا میں بڑا عوامی اجتماع ہوگا۔ امیر جماعت نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت میں فیصلے کون کر رہاہے کسی کو کچھ علم نہیں ۔ ایک کنفیوژن کی فضا قائم ہے اور عوام پریشان ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر سینیٹ الیکشن قبل از وقت کروائے گئے تو ہوسکتاہے قومی اسمبلی کے انتخابات بھی وقت سے پہلے ہو جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی ریفارمز کے لیے پولیٹیکل پارٹیز کو آپس میں ڈائیلاگ کرنے کی ضرورت ہے ۔