سکھر (نمائندہ جسارت) پنو عاقل و گردونواح کے تمام راستے خستہ اور تباہ حالی کا شکار ہیں، پنو عاقل سے سلطان پور والا روڈ، ڈنڈہی، ٹھکراٹھو، بلھٹی اور قریب دیہات کے تمام روڈ تباہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سنی تحریک کے مرکززی رہنما محبوب علی سہتو نے پنو عاقل سے آئے ہوئے نوجوانوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سدھوجا کا روڈ مکمل طور پر ختم ہے، بائیجی، نوراجا، سومرا پنھواری مکمل طور پر ترقیاتی کام کے حوالے سے نظر انداز کیا گیا ہے، کوئی راستہ اور پل سلامت نہیں ہے، سومرا پنھواری پل گزشتہ دس سال سے نامکمل ہے، جس سے روزانہ ہزاروں لوگ متاثر ہورہے ہیں۔ تمام دیہات کی ڈسپنسریاں اور اسکول زبوں حالی کا شکار اور ناکارہ ہیں۔ سیاسی سرپرستی کی وجہ سے تعلیم، صحت، راستے مکمل تباہ ہوچکے ہیں، لوگ آئے روز مسائل کا شکار ہورہے ہیں۔ ناانصافیوں، وڈیرہ شاہی، سیاسی سرپرستی، عدم توجہ کی وجہ سے نوجوان نسل تباہ ہورہی ہے۔ پسماندہ اور کچے کے لوگوں کو تعلیم سے محروم رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنو عاقل کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈز کہاں خرچ کیے جارہے ہیں۔ منتخب نمائندگان کے ساتھ ساتھ بیورو کریسی نے بھی پنو عاقل اور قرب و جوار کے عوام کو کچھ نہیں دیا بلکہ مسائل سے دوچار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پنو عاقل کے مختلف علاقوں کے نوجوانوں سے ملاقاتیں کرنے اور مسائل کے حل کے لیے جہدوجہد مسلسل کرنے کے لیے ایک پروگرام تشکیل دے رہے ہیں، جس میں آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔