سکھر( نمائندہ جسارت)موٹر وے پولیس نے حادثات پر قابو پانے کے لیے روڈ سیفٹی کے حوالے سے جاری آگاہی مہم کو مزید تیز کردیا، جمعہ کے اجتماعات میں خصوصی اجازت کے بعد عوام خصوصاً موٹر سائیکل سواروں کو حادثات سے بچائو کے لیے نہ صرف آگاہی دی، بلکہ ٹریفک قوانین پر عمل اور روڈ حادثات سے بچائو کے لیے پمفلٹ بھی تقسیم کیے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی موٹر وے ڈاکٹر سید کلیم امام، ایڈیشنل آئی جی سائوتھ ریجن زبیر احمد ہاشمی اورڈی آئی جی موٹر وے سندھ ڈاکٹر مسرور عالم کولاچی کی خصوصی ہدایت پرزیر نگرانی ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر زاہد نذیر وریا موٹر وے پولیس کی جانب سے سکھر سیکٹر میں موبائل ایجوکیشن سکھر کے افسران انسپکٹر صلاح الدین اور محمد پرویز ڈہر نے سکھر بس ٹرمینل کی جامعہ مسجد میں جمعہ کے اجتماع کے دوران خطرناک روڈ حادثات سے بچائو اور ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کے لیے نمازیوں کو بریف کیا اور بعد از جمعہ کے اجتماع نمازیوں میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر موٹر وے پولیس موبائل ایجوکیشن کے افسران نے نمازیوں کو بتایا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں دہشتگردی سے زیادہ روڈ حادثات میں جانوں کا ضیاع ہوتا ہے جس میں جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر تعداد موٹر سائیکل سواروں کی ہے، جس کی بنیادی وجہ سیفٹی ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا ہے،عوام سے اپیل ہے کہ موٹر سائیکل سوارجب بھی گھر سے نکلیں تو ہیلمٹ کا استعمال لازمی کریں۔