پاکستان کپ5سے قومی ٹیم کو مستقبل میں بہترین کرکٹرز ملنے کی توقع ہے

529

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان کپ کا 5واں ایڈیشن کراچی میں شروع ہو چکا ، پورٹ سٹی میں ون ڈے ٹورنامنٹ پہلی مرتبہ کھیلا جا رہا ہے۔پاکستان کپ کے گزشتہ 4 ایڈیشنز کا جائزہ لیں تو خیبر پختونخوا اور فیڈرل ایریاز نے ٹورنامنٹ میں 2مرتبہ کامیابی حاصل کیں، اس طرح یہ ٹورنامنٹ کی مختصر تاریخ میں کامیاب ترین ٹیمیں ہیں ۔2016میں خیبر پختونخوا نے فیصل آباد میں کھیلے گئے پہلے ایڈیشن میں کامیابی حاصل کی اور دوسری کامیابی 2019 کے ایڈیشن میں راولپنڈی میں سمیٹی تھی۔ اس طرح فیڈرل ایریاز کی ٹیم نے 2017 میں راولپنڈی اور 2018 میں فیصل آباد میں کامیابی حاصل کی تھی۔فیڈرل ایریاز نے ٹورنامنٹ کے 13 میں سے 8 میچز میں کامیابی حاصل کی تھی انکی اوسط 61.54 رہی اور یہ کسی بھی ٹیم کی سب سے زیادہ اوسط ہے۔سب سے زیادہ اور سب سے کم ٹوٹل کے حوالے سے پاکستان کپ کو دنیا میں سب سے زیادہ اسکورنگ ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل ہے،4سال میں 37 مقابلے ایسے ہی جن میں 300 یا اس بھی زیادہ رنز بنے ۔اب تک ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز 385/4 سندھ کی ٹیم نے 2019 میں فیڈرل کی ٹیم کے خلاف بنائے تھے۔ ٹورنامنٹ میں 350پلس کے ٹارگٹ 3 مرتبہ حاصل کئے جا چکے ہیں، 2017 میں فیڈرل ایریاز نے 376 کا ٹارگٹ بلوچستان کے خلاف حاصل کیا۔ بلوچستا ن نے 2018 میں فیصل آباد میں 373 کا ٹارگٹ خیبر پختونخوا کے خلاف حاصل کیا تھا اور 2018 میں ہی پنجاب نے بلوچستان کے خلاف366رنز کا ٹارگٹ حاصل کیا تھا۔ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں ایک مرتبہ100 رنز کا ٹوٹل بھی ملتا ہے،2018 فیصل آباد میں سندھ کی ٹیم فیڈرل ایریا زکے خلاف 93 رنز کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئی تھی ۔ سب سے کامیاب بیٹسمین کے رینک میں خرم منظور جو سیزن 2020-21کے لیے سندھ کی ٹیم میں شامل ہیں وہ واحد بیٹسمین ہیں جنہوں نے ٹورنامنٹ میں ایک ہزار سے زائد رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہوا ہے۔