سکھر، مسافروں کو بغیر ٹکٹ سفر کرانے پر پولیس اہلکاروں پر مقدمہ

569

سکھر (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کی ہدایت پر انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس عارف نواز خان کی کرپٹ عناصر کیخلاف مہم تیز، ریل میں مسافروں کو بغیر ٹکٹ سفر کرانے میں ملوث ریلوے پولیس سکھر ڈویژن کے ہیڈ کانسٹیبل منیر احمد اور کانسٹیبل عنایت اللہ کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ریلوے حکام کے مطابق ریلوے پولیس سکھر ڈویژن کے دونوں اہلکاروں نے ٹرین 5 اپ گرین لائن پر دس مسافروں کو حیدر آباد تا روہڑی سفر کروایا اور فی کس مسافر 400، روپے جو کل رقم 4 ہزار روپے بنتی ہے بطور رشوت وصول کی، ریلوے اسٹیشن روہڑی پر ٹی سی آر کے چیک کرنے پر مسافروں نے بتایا کہ انہوں نے بغیر ٹکٹ سفر کیا ہے اور گشت پر مامور ریلوے پولیس ملازمین کو چار ہزار روپے ادا کیے گئے، جس پر موقع پر موجود ایس ایچ او تھانہ ریلوے پولیس روہڑی سید امیر علی شاہ نے دونوں ریلوے پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر گرفتار کرلیا اور مسافروں سے کرایہ و جرمانے کی مد میں بیس ہزار روپے وصول کرکے سرکاری خزانے میں جمع کروائے۔ دونوں ریلوے پولیس اہلکاروں کیخلاف تھانہ ریلوے پولیس روہڑی میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ریلوے پولیس حکام کے مطابق آئی جی ریلوے پولیس عارف نواز خان کا کہنا ہے کہ ریلوے پولیس میں کرپشن کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، آئندہ بھی اگر کوئی ریلوے پولیس اہلکار اس قسم کی سرگرمی میں ملوث پایا گیا تو اس کیخلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کرپٹ عناصر کیخلاف مؤثر کارروائی کرنے پر ڈی آئی جی آپریشنز اور چیف کمرشل منیجر پاکستان ریلویز کی کاوشوں کو سراہا۔