کراچی(نمائندہ جسارت)پیپلز پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات میں بلاول زرداری چیئرمین منتخب، نیئر بخاری سیکرٹری جنرل ، فیصل کریم کنڈی سیکرٹری اطلاعات، رخسانہ بنگش سیکرٹری فنانس منتخب، تمام عہدیدار بلامقابلہ منتخب ہوئے ۔کسی نے بھی اپنے عہدوں کے لیے کاغذات جمع نہیں کرائے۔پیپلز پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات کراچی میں 6جنوری کو ہوئےجہاں بلاول زرداری چیئرمین کے عہدے پر دوبارہ منتخب ہوگئے ہیں۔الیکشن کمشنر فوزیہ حبیب نے انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا۔ انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے آئین اورالیکشن ایکٹ 2017ء کے مطابق پیپلزپارٹی کے وفاقی سطح پر مختلف عہدوں کے لیے انتخابات ہوئے۔پارٹی کے چیئرمین کے لیے بلاول زرداری، سیکرٹری جنرل کے لیے سید نیر حسین بخاری، سیکرٹری اطلاعات کے لیے فیصل کریم کنڈی اور سیکرٹری مالیات کے لیے مس رخسانہ بنگش بلا مقابلہ منتخب ہوئیں۔