نیوزی لینڈکی پہلی مرتبہ لگاتار 6 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی

425

پاکستان کے خلاف کرائسٹ چرچ میں ایک اننگ اور176 رنز کی جیت نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ میں چوتھی سب سے بڑی جیت کے ساتھ ساتھ اسکی ٹیسٹ کرکٹ میں لگا تار چھٹی جیت بھی تھی۔
یہ پہلا موقع ہے جن اس نے لگاتار 6ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔اس سے پہلے اس نے اپریل2005 اورمارچ 2006 کے درمیان لگا تار 5ٹیسٹ جیتے تھے۔ لگا تار سب سے زیادہ ٹیسٹ میچ جیتنے کا ریکارڈآسڑیلیا کے پاس ہے جس نے اکتوبر 1999 اور فروری 2001 کے درمیان لگاتار 16ٹیسٹ میچوں میں جیت درج کی تھی۔
نیوزی لینڈ نے اپنے لگاتار6ٹیسٹ میچ جیتنے کی شروعات بھارت کے خلاف2019-20 میں 2ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دونوں ٹیسٹ جیت کر کی تھی۔ اس نے ویلنگٹن میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ 10 وکٹوں سے جیتا تھا۔ اس ٹیسٹ سے پہلے سڈنی میں آسڑیلیا نے اسے 279 رنز سے شکست دی تھی اور3ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 3-0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ بھارت کے خلاف کرائسٹ چرچ میں سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے7 وکٹوں سے جیت اپنے نام کی تھی۔
ویسٹ انڈیز نے پاکستان سے پہلے نیوزی لینڈ کا دورہ کیا تھا۔ میزبان ٹیم نے سیریز کا پہلا ٹیسٹ جو ہملٹن میں کھیلا گیا تھا ایک اننگ اور134 رنز سے جیتا تھا۔ ویلنگٹن میں سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے ایک اننگ اور12 رنز سے جیت اپنے نام کی تھی۔
مائونٹ مونگا نوئی میں پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے آخری لمحات میں 101 رنز سے جیت حاصل کی تھی۔ اس ٹیسٹ میچ میںساڑھے3 اوور کا کھیل باقی تھا جب پاکستان نے اپنا 10ویں اور آخری وکٹ گنوائی۔
2021 کے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ایک اننگ اور176 رنز سے جیت حاصل کی جو پاکستان کے خلاف اسکی دوسری سب سے بڑی اور کل ملاکر چوتھی سب سے بڑی جیت تھی۔ اس سے پہلے نیوزی لینڈ کی پاکستان کے خلاف سب سے بڑی جیت ایک اننگ اور 185 رنز کی تھی جو اس نے ہملٹن میںمارچ 2001 میں حاصل کی تھی۔ یہ نیوزی لینڈ کی تیسری سب سے بڑی جیت بھی ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں نیوزی لینڈ کی سب سے بڑی جیت ایک اننگ اور301 رنز کی ہے جو اس نے نیپئر میں زمبابوے کے خلاف جنوری 2012 میں درج کی تھی۔زمبابوے کے خلاف ہرارے میں اگست 2005 میں حاصل کی گئی جیت اسکی نیوزی لینڈ سے باہر سب سے بڑی اور کل ملاکر دوسری سب سے بڑی جیت ہے۔
اپنے گھر پر نیوزی لینڈمارچ 2017 سے اب تک لگاتار 18ٹیسٹ میچوں میں کوئی ٹیسٹ نہیں ہاری۔ اس نے ان 18ٹیسٹ میچوں میں سے13ٹیسٹ میچوں میں جیت حاصل کی اور5 میچ برابر کئے۔13 میں سے8ٹیسٹ میچوں میں سے نیوزی لینڈ نے ایک اننگ کے فرق سے جیت اپنے نام کی تھی۔