مریم اور بلاول کوئٹہ پہنچ گئے‘ دھرنے میں شرکت‘ وزیراعظم پر تنقید

269

کوئٹہ(خبر ایجنسیاں) مریم نواز اور بلاول زرداری کوئٹہ پہنچ گئے،دھرنے میں شرکت،وزیر اعظم پر تنقید۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول زرداری اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سانحہ مچھ کیخلاف کوئٹہ میں جاری دھرنے میں پہنچ گئے۔ نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ آپ کے پیارے آپ سے چھینے گئے، آپ پر جو قیامت ٹوٹی اس پر دلی تعزیت کرتی ہوں، پانچ دن سے دیکھ رہے ہیں،آپ کی تکلیف کااحساس ہے، جس پر گزرتی ہے وہی جانتا ہے، پوری قوم آپ کے غم میں شریک ہے۔مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے کہا کہ بے حسی، ناکامی کوآپ سیاست کہہ کر ٹال دیں یہ ہونے نہیں دیں گے، آپ کو یہاں آنا پڑے گا، یہ آپ سے کوئی بڑی چیز نہیں مانگ رہے، آپ تنقید کے ڈر سے نہیں آرہے،کوئی بات نہیں تھوڑی تنقید سن لیں۔مریم نواز نے مزید کہا کہ آپ کا فرض ہے ان کے غم میں شریک ہوں، ان کا دکھ بانٹیں، اقتدارکی کرسی پربیٹھے شخص کی بے حسی پربیحدافسوس ہے، میں حکومت میں نہیں آپ کیلیے سوائے آواز اٹھانے کے کچھ نہیں کرسکتی، میں ایک ماں ہوں، بیٹی ہوں مجھے آپ کی تکلیف کا احساس ہے۔مریم نے کہا کہ میں عمران خان سے کہتی ہوں آپ باپ ہیں، بہنوں کے بھائی ہیں، حکمران یہاں نہیں آتاتوقوم اسے کرسی پربیٹھنے کی اجازت نہیں دیگی، ہم سے جو ہوسکے گا، ضرور کریں گے، عمران خان سے کہنا چاہتی ہوں یہ لاشیں رکھ کر آپ کے منتظر ہیں،کیا ان لاشوں سے آپ کی انا بڑی ہے، ریاست کی ذمہ داری ہے اپناحق اداکرے۔کوئٹہ روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سانحہ مچھ انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے، بے گناہ مزدروں کا بہیمانہ قتل کیا گیا۔ لواحقین کے دکھوں اور زخموں کا مداوا نہیں ہوسکتا۔وزیراعظم قوم کے باپ کی مانند ہوتا ہے انہیں وہاں جانا چاہیے تھا، قوم کی مائیں اور بیٹیاں ان کے انتظار میں بیٹھی ہیں اور وہ مشیروں اور وزیروں کو بھیج رہے ہیں۔ مجھے بھی سیکورٹی تھریٹ تھا لیکن میں نواز شریف کا پیغام لے کر وہاں جا رہی ہوں۔علاوہ ازیںچیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے دھرنے سے خطاب میں کہا کہ میں اس سانحہ پر ہزارہ بہن بھائیوں کو کیا کہہ سکتاہوں، پاکستان ایسی دھرتی ہے جہاں ہمارے شہیدوں کو بھی احتجاج کرناپڑتاہے، پاکستان میں سب کچھ مہنگا ہوچکا، مزدور،سیاسی کارکن ،وکلاء کا خون سستاہوچکا ، 1999سے اب تک ہمارے 2 ہزار لوگ شہید ہوچکے ہیں،کسی کو انصاف نہیں ملا۔بلاول نے کہا کہ آپ لوگ اپنے شہیدوں کیساتھ احتجاج کررہے ہیں، میں بھی ایک شہیدوں کے خاندان سے ہوں،ہم بھی آج تک اپنے شہیدوں کو انصاف نہیں دلاسکے، جب تک زندہ رہوں گا،یہی کوشش ہوگی ہمارے غریب عوام کو جینے دیاجائے، جو ملک میں سب سے زیادہ محب وطن ہیں وہ سامنے بیٹھے ہیں، ان لوگوں کو انصاف نہیں دلواسکے تو باقی کسی کو کیا انصاف دلوائیں گے۔بلاول زرداری نے کہاہے کہ وزیراعظم کو دہشتگردی سے متاثرہ مظلوموں کے مطالبات تسلیم کرنا چاہییں جو میتوں کے ساتھ پانچ روز سے احتجاج کررہے ہیں۔