معصوم لوگ ذبح ہورہے ہیں ،حکومت ناکام ہوگئی‘ سراج الحق

610
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کسووال میں حاجی مشتاق احمد کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے میں ناکام ، معصوم لوگوں کو چوکوں، چوراہوں میں بے دردی سے ذبح کیا جا رہا ہے۔ مچھ میں درندگی کا مظاہرہ کیا گیا ،اگر وزیراعظم کے جانے سے وارثین کو تسلی ہوتی ہے تو انھیں ایک نہیں 100 بار وہاں جانا چاہیے۔ مدینے کی اسلامی ریاست کا یہی مطلب ہے۔مارشل لاز اورمختلف سیاسی پارٹیوںکی حکومتوں کو عوام نے آزما لیا۔ ظلم و جبر کے نظام سے چھٹکارا حاصل کیے بغیر لوگوںکے دکھوں کا مداوا ممکن نہیں۔ وڈیروں، جاگیرداروں اور استعمار کے نمائندوں نے گزشتہ 73برس میں اپنے کارخانوں اور جائدادمیں اضافہ کیا جبکہ غریب کے بچے سے روٹی کا نوالا بھی چھین لیا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں کارکنان سے گفتگو ، کسووال میں سابق امیر جماعت اسلامی چیچہ وطنی حاجی مشتاق احمد کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق کسووال سے ہزارہ کمیونٹی کے دھرنے میں شرکت کے لیے بذریعہ سڑک کوئٹہ روانہ ہو گئے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے قیام سے لے کر اب تک مختلف مارشل لاز اور سیاسی پارٹیوں کی حکومتوں نے عوام کے دکھوں کے مداوے کے لیے کچھ نہیں کیا۔ حکمرانوں نے اپنے بچوں کی جائدادیں بنائیں اور غریب کے بچے کو تعلیم اور صحت کی سہولتوں سے محروم رکھا۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تبدیلی کے بڑے بڑے دعوئوں کے ساتھ اقتدار میں آئی۔ عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور50 لاکھ گھر تعمیر کرنے کی جھوٹی تسلیاں دی گئیں لیکن ڈھائی سال گزرنے کے باوجود آن گرائونڈ صورت حال بالکل جوں کی توں ہے۔ لوگ ظلم و جبر کی چکی میں پس رہے ہیں۔ مچھ میں 11غریب کان کنوں کو ذبح کر دیا گیا اور ان کے لواحقین گزشتہ کئی روز سے اپنے پیاروں کی لاشیں سڑکوں پر رکھ کر احتجاج کر رہے ہیں۔ کشمیر ہائی وے پر نوجوان کو گولی مار دی گئی لیکن وزیراعظم ہیں کہ انتہائی سنگدلی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ہزارہ کمیونٹی کو دلاسہ دینے کے لیے صرف ٹوئٹر کے ذریعے سے ہی پیغام رسانی ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کو تو چاہیے تھا کہ وہ پیدل چل کر جاتے اور کان کنوں کے لواحقین کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے۔امیر جماعت نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ 6 ماہ میں ملکی تاریخ کا ریکارڈ قرض لیا۔ بجلی، گیس اور پیٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، آٹا، دال، چینی عام لوگوں کی پہنچ سے دور ہو چکے ہیں۔ نوجوان اپنے مستقبل سے مایوس ہیں۔ ان حالات میں لوگوں کو یہ ضرور سوچنا چاہیے کہ وہ آنے والی نسلوں کو کون سا پاکستان دینا چاہتے ہیں۔ جاگیرداری اور وڈیرہ شاہی کے خلاف علم بغاوت بلند کرنا ہوگا۔ حکمران طبقے نے پاکستان کے نظریے اور جغرافیے کے ساتھ بے وفائی کی ان سے چھٹکارا حاصل کیے بغیر چارا نہیں۔عوام کے دکھوں کا مداوا نظام مصطفیؐ کے نفاذ میں ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے حاجی مشتاق احمد کی دینی و ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اپنی تمام زندگی ظلم و جبر کے نظام کے خلاف جہاد کرتے ہوئے گزاری۔ مرحوم جماعت اسلامی کا اثاثہ تھے۔ مزیدبراں سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف کے مطابق امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق آج ہزارہ برادری کے مقتول مزدوروں کے لواحقین سے تعزیت کے لیے کوئٹہ پہنچیں گے۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی، امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب جاوید قصوری اور دیگر قائدین بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔