ایل این جی ریفرنس‘ شاہد خاقان کے وارنٹ جاری کرنیکی استدعامسترد

202

اسلام آباد(آن لائن)احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت میں زیر سماعت سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی وغیرہ کے خلاف ایل این جی ریفرنس میں نیب کی طرف سے شاہد خاقان عباسی کے وارنٹ جاری کرنے کی استدعامسترد کرتے ہوئے ایک روزہ استثنا کی درخواست منظور کرلی۔دوران سماعت شاہد خاقان بیرون ملک ہونے کے باعث عدالت میںپیش نہ ہوئے اور ان کے وکیل بیرسٹر ظفراللہ نے سابق وزیراعظم کی ایک روز عدالتی حاضری سے استشنا کی درخواست دی جس پر عدالت کے جج نے کہاکہ کیا ملزم کو بیرون ملک جانے کے لیے عدالتی اجازت درکار نہیں تھی؟۔قانون اس پرکیا کہتا ہے؟،ٹرائل چل رہا ہے، ملزم کا نام ای سی ایل میں شامل تھا؟، بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا کہ شاہد خاقان کو بیرون ملک جانے کی اجازت وفاقی حکومت نے دی، حکومت نے شاہد خاقان کا نام ون ٹائم ای سی ایل سے نکالنے کی اجازت دی۔ اس موقع پرنیب پراسیکیوٹرعثمان مرزا نے عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک روانگی پر شاہد خاقان کے وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عدالت وزارت داخلہ سے پوچھے کہ عدالتی اجازت کے بغیر ملزم کو بیرون ملک جانے کی کیوں اجازت دی۔وکیل صفائی نے کہاکہ کابینہ کی سب کمیٹی کی منظوری کے بعدشاہد خاقان کا نام ای سی ایل سے نکالا گیا۔عدالت نے حکومت کا اجازت نامہ طلب کرتے ہوئے شاہد خاقان کے وکیل کو آج ہی حکومتی اجازت نامہ پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ حکومتی اجازت نامہ دیکھ کر عدالت فیصلہ سنائے گی۔ دوران سماعت وکلائے صفائی کی طرف سے ریفرنس کی کاپیاں نہ ملنے کی شکایت کی جس پر عدالت میں ہی ریفرنس کی کاپیاں ملزمان اور ان کے وکلا کو دی گئیں جبکہ وکیل صفائی نے کہاکہ گواہ سے متعلق بھی درخواست دے رکھی ہے جس پر عدالت نے فیصلہ سناناتھا۔ اس پرعدالت نے کہاکہ وہ آئندہ سماعت پر سنا دیاجائے گا اور سماعت 15فروری تک کے لیے ملتوی کردی۔