سانحہ مچھ پر اہم اجلاس: وزیراعظم کی کوئٹہ روانگی کا فیصلہ نہ ہوسکا

316

اسلام آباد: سانحہ مچھ میں جاں بحق ہونے والے لواحقین نے وزیراعظم کی آمد تک دھرنے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہوا ہے، جبکہ دوسری جانب اب تک وزیراعظم کے دورہ کوئٹہ سے متعلق اب تک فیصلہ نہ ہوسکا۔

میڈٰیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سینئر وفاقی وزراء کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے سانحہ مچھ کے حوالے سے بریفنگ دی تاہم اجلاس میں وزیراعظم  کے ورہ کوئٹہ کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومتی قواعد کے مطابق متاثرین کی مالی امداد کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور وزیراعظم نے ہدایت جاری کی کہ وزارت داخلہ مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کے لیے مستقل حل نکالے۔ وزیراعظم  عمران خان نے کہا کہ ہزارہ برادری کے تحفظ کے لیے خصوصی سیکیورٹی نظام بنایا جائے، بلوچستان میں امن ملکی ترقی کی ضمانت ہے، کابینہ اجلاس میں سینیٹ انتخابات پر مشاورت کی گئی اور مثبت معاشی اشاریوں پر بھی اعتماد کا اظہار کیا گیا۔