ملک کو قاضی حسین ؒجیسے مدبر سیاستدانوں کی ضرورت ہے، اسد قیصر

484

اسلام آباد(صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک کو قاضی حسین احمد مرحوم جیسے مدبر ، اصول پسند سیاستدانوں کی ضرورت ہے، قاضی حسین احمدؒ نے ذاتی مراعات کے لیے نہیں بلکہ ایک مقصد کے لیے سیاست کی، ان کی شخصیت ہم سب کے لیے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے بدھ کو اسلام آباد میں قاضی حسین احمدؒ میموریل فائونڈیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان کی برسی کے حوالے سے منعقد ہوئی ۔ تقریب سے خطاب کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ مرحوم قاضی حسین احمدؒ کے ساتھ میرا محبت کا رشتہ تھا، ہمیشہ انتہائی ملنساری سے ملتے ، جب میں جمعیت میں تھا تو ہمارا قاضی حسین احمدؒ بہت زیادہ خیال کھتے تھے۔ زمانہ طالب علمی سے ہی میرا قاضی حسین احمدؒ سے بہت قریبی تعلق اور رابطہ تھا، وزیراعظم عمران خان بھی قاضی حسین احمد مرحوم کو بہت زیادہ پسند کرتے تھے ان کے بھی قریبی تعلقات تھے۔ عمران خان کئی معاملات میں ان سے بات کرتے تھے۔ آج پاکستان کو قاضی حسین احمد مرحوم جیسے مدبر ، اصول پسند سیاستدانوں کی ضرورت ہے ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے قاضی حسین احمد کی دینی، سیاسی اور سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب سے امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر عبدالرشید ترابی، قاضی حسین احمد مرحوم کے صاحبزادے ، جماعت اسلامی شعبہ امور خارجہ کے ڈائریکٹر آصف لقمان قاضی اور دیگر رہنمائوںنے بھی خطاب کیا اور سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد کی دینی ، قومی سماجی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔