مراد علی شاہ کو غلامی پر وزیراعلیٰ سندھ بنایا گیا، مراد سعید

141

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک+اے پی پی) وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ کو غلامی پر وزیراعلیٰ سندھ بنایا گیا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ زرداری کی منی لانڈرنگ کے لیے بینک کو استعمال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ، زرداری کے سہولت کار کا کردار ادا کرتے رہے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ 3 ،3 کلو میٹر کا افتتاح کرتے ہیں۔مراد سعید نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کورونا وائرس پر بھی سیاست کی، 12برس سے حکومت میں ہو پھر بھی نالے صاف کرانے کے لیے این ڈی ایم اے کی مدد لیتے ہو۔انہوں نے کہا کہ آپ گوداموں سے گندم اور چینی چوری کرتے ہو، جعلی اکاؤنٹس کی جے آئی ٹی پڑھ کر مراد علی شاہ کا اصل چہرہ سامنے آجائے گا۔وفاقی وزیر مراد سعید نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ سیہون میں دھماکا ہوا تو زخمیوں کے لیے ایمبولینس نہیں تھی، سندھ کے منصوبوں کے پیسے جعلی اکاؤنٹس میں جاتے ہیں۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سب سے بڑا ترقیاتی پیکیج سندھ اور کراچی کے عوام کے لیے دیا ہے۔