کراچی سے منتخب ہونے والے شہر کو اسکا حصہ نہیں دلواسکے ، بلاول زرداری

253
کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری ابراہیم حیدری روڈ اور فشرمین چورنگی کا افتتاح کررہے ہیں

 

کراچی(نمائندہ جسارت) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہاہے کہ ایک زمانے سے کراچی سے منتخب ہونے والے شہر کا حق نہیں دلوا سکے۔کورنگی میں فشرمین چورنگی اور اطراف کی سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے موقع پر ان کا کہنا تھاکہ کراچی کے عوام کے حقوق غصب کیے جارہے ہیں، وفاق نے فنڈز دیے اور نہ ہی بلدیاتی حکومت نے ہمارا ساتھ دیا، اس کے باوجود ہم کوشش کر رہے ہیں کہ جو ہو سکے کریں تاکہ کراچی کی مشکلات کم ہوں، جبکہ وسائل نہ ہونے کے باوجود عوام کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ اور ویسٹ مینجمنٹ کا نظام بن رہا ہے، نیبرہوڈولیج کراچی کے ہر ضلع تک پہنچے گا، ایم کیو ایم کے نمائندے میری پیدائش سے پہلے سے سلیکٹ ہوتے رہے ہیں، ایم کیو
ایم کے نمائندوں سے پوچھیں کورنگی کے لیے کیا کیا؟چیئرمین پی پی نے کہا کہ حکومت کے مزے لینے والے کراچی کے عوام کی طرف دھیان دیں، ان کی حکومت کا جو طریقہ ہے اس سے کراچی کے عوام کا حق مارا جارہا ہے، مردم شماری کے معاملے پر پیپلز پارٹی کا شروع سے اعتراض موجود ہے کیوں کہ مردم شماری غلط ہوگی تو عوام کی نمائندگی ٹھیک نہیں ہوگی اور انہیں ان کا حق نہیں ملے گا۔بلاول نے کہا کہ ایم کیو ایم کے نظریے اور سیاست کے مطابق اس کا حکومت کے ساتھ مزید ایک دن رہنا عوام کا مطالبہ نہیں، پتا نہیں ایم کیو ایم کس مجبوری کے تحت حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، ایم کیو ایم کے ووٹوں کی وجہ سے حکومت قائم ہے، آپ اپنی مجبوری کے بجائے عوام کی مجبوری کے بارے میں سوچیں۔